پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں فٹ بال، ہاکی اور نیٹ بال کے مقابلے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل محمد آصف زمان (ریٹائرڈ ) مہمان خصوصی تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر قومی فٹ بال ٹیم کے سابق منیجر محمد عرفان نیازی اور الفیصل کلب کے صدر محمد شدیر خان بھی موجود تھے۔
فٹ بال کا نمائشی میچ پی ایس بی الیون اور اے جے کے الیون کی ٹیموں کے درمیان جناح سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پی ایس بی الیون نے کشمیر الیون کو 2-1 گول سے ہرا دیا۔ وقفے تک پی ایس بی الیون کو 2-0 گول کی برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف میں کشمیر الیون نے گول کرکے مقابلہ 2-1 کردیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے حسن اور مبین نے ایک، ایک گول کیا اور کشمیر الیون کی طرف سے واحد گول راشد نے کیا۔ نصیر بندہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ہاکی کے میچ میں پی ایس بی الیون نے اے جے کے الیون کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔ نیٹ بال کے مقابلوں میں اسلام آباد گرین نے اسلام آباد بیلو کو 19-15 گول سے ہرا دیا۔