پاکستان کے ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا، 6 دنوں میں یہ ارشد کا دوسرا اور مجموعی طور پر چوتھا انٹرنیشنل گولڈ میڈل ہے۔پاکستانی ایتھلیٹ نے اسلامک سالیڈریٹی گیمز میں ریکارڈ 88 اعشاریہ 55 میٹر کی تھرو کرکے پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا۔
ترکی کے شہر قونیا میں اسلامک سالیڈریٹی گیمز میں ارشد ندیم شروع ہی سے ٹاپ پر رہے، پہلی باری میں 79 اعشاریہ 40 کی تھرو کی دوسری باری میں انہوں نے 88 اعشاریہ 55 کی تھرو کرکے اسلامک گیمز کا ریکارڈ بنا دیا۔اگلی 3 باریوں میں ارشد ندیم نے 75 اعشاریہ 50، 82 اعشاریہ 40 اور 83 اعشاریہ 33 کی تھروز کیں۔
کوئی دوسرا ایتھلیٹ ان سے دور تھرو نہ کر سکا، یوں ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کی بدولت گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔اس سے پہلے اتوار کو ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا، وہ گزشتہ سال امام رضا کپ میں بھی طلائی تمغہ جیت چکے ہیں، 2019 کے ساؤتھ ایشین گیمز میں بھی ارشد نے طلائی تمغہ جیتا تھا۔
2017ء میں باکو میں ہونے والے اسلامک سالیڈریٹی گیمز میں ارشد نے برانز میڈل جیتا تھا، اپنی کامیابی کے بعد ارشد ندیم نے پاکستان کا جھنڈا لےکر گراونڈ کا چکر لگایا اور اسٹینڈ میں بیٹھے پاکستانی تماشائیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔