وزیرستان گرینڈ سپورٹس گالا شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیرہوگیا
پشاور (سپورٹس رپورٹر)
ٹرائبل یوتھ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام اور پاک آرمی و ایف سی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد ہونے والا وزیرستان گرینڈ سپورٹس گالا شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اپرجنوبی وزیرستان میں فرنٹیئر کور ساوتھ کے تعاون سے یہ میگا ایونٹ منعقد کیا گیا، جس میں اپر جنوبی وزیرستان کی تین تحصیلوں سراروغہ، سروکئی اور مکین میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔سپوٹس گالا میں 83 ٹیموں نے کرکٹ،
فٹبال اور والی بال میں حصہ لیا، جسے عوامی سطح پر زبردست پذیرائی ملی۔اس حوالے سے ٹرائبل یوتھ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر مرتضی محسود نے کہا کہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاک فوج اور آئی جی ایف سی ساوتھ کا اہم کردار رہا،
اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں قبائلی اضلاع میں منعقد ہوتی رہیں گی۔مرتضی محسود نے قبائلی علاقوں میں امن اور اعتماد کی بحالی کے لئے پاک فوج اور ایف سی کی خدمات کو سراہا
اور کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھتی ہیں اور مقامی آبادی کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔
سپورٹس گالا میں نوجوانوں، مشران اور مختلف طبقوں کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی اور اس اقدام کو خوب سراہا۔ علاقے کے لوگوں نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مزید ایسی سرگرمیوں کی امید کا اظہار بھی کیا۔