متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ کے نوجوانوں کے لیے جوجٹسو مارشل آرٹس کو سپورٹ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
یہ تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے خصوصی شرکت کی۔ اس معاہدے کے تحت، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی حکومتیں کھیل کے میدان میں ایک دوسرے کی حمایت کریں گی۔
انٹر اسکول جوجٹسو چیمپئن شپ اور جیو جٹسو اولمپیاڈ 2025 کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کے تعاون سے نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرامز اور مقابلے بھی شامل ہوں گے۔
قونصل جنرل بخیت عتیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرامز خاص طور پر یو اے ای کے قومی دن کی مناسبت سے کروائے جائیں گے، جس میں اسکول اور کالج کے بچے بھی حصہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوجٹسو کھیل متحدہ عرب امارات میں بے حد مقبول ہے۔
اس موقع پر سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر طارق علی نے اس اقدام کو جوجٹسو کھیل کی پروموشن کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔