کراچی، رشید ڈی حبیب گالف 2024 کے تیسرے دن احمد بیگ کی برتری برقرار

رشید ڈی حبیب گالف 2024 کے تیسرے دن احمد بیگ کی برتری برقرار

کراچی، 20 جنوری، 2024: 13ویں راشد ڈی حبیب میموریل نیشنل پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ 2024 کا تیسرا راؤنڈ ہفتہ کو کراچی گالف کلب میں کھیلا گیا۔

لاہور کے احمد بیگ اور کے جی سی کے محمد زبیر دونوں نے شاندار 67 -پانچ انڈر کا کارڈ جمع کرایا۔ احمد بیگ، ٹورنامنٹ کے آغاز سے اپنی برتری کو برقرار رکھتے ہوئے، 204 – 12 انڈر پار کے مجموعی اسکور کے باعث لیڈر بورڈ پر تیسرے دن بھی سرِ فہرست رہے۔ تین دن کے مجموعی اسکور کے مطابق محمد زبیر دو سٹروک پیچھے رہ کر احمد کا تعاقب کر رہے ہیں۔

کراچی گالف کلب کے دلشاد علی 212 – چار انڈر پار کے اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ محمد عالم اور محمد منیر کا تین دن کا مجموعی اسکور 213، تین انڈر ہے۔ کراچی گالف کلب سے دفاعی چیمپئن وحید بلوچ 215 – ایک انڈر پار کے اسکور کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے مایہ ناز گولفر محمد شبیر اقبال 216 ایٹ پار کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ شبیر کے پاس سرپرائز لانے اور اپنے مداحوں کو متاثر کرنے کے لیے ایک دن باقی ہے۔

کراچی گالف کلب میں ہفتے کے دن جونیر اور سینیر پروفیشنل کیٹیگری کا پہلا دور بھی کھیلا گیا۔ سینیر پروفیشنل کیٹیگری میں نثار حسین اور عبد الحمید 69 – تین انڈر پار کے ساتھ سرِفہرست ہیں۔

جونیئر پروفیشنل کیٹگری میں محمد ساحل، ریحان بابر اور عمر شہزاد پہلی تین پوزیشنیں سنبھالے ہوئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل راؤنڈ اتوار 21 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

 

error: Content is protected !!