پشاور فٹبال پریمیئر لیگ، ریل کشمیر نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ)
پشاور فٹبال پریمیئر لیگ سیزن 2 پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگیا۔ لیگ میں ملک بھر سے 15 ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ فائنل میچ گزشتہ روز ریل کشمیر اور ینگ بوائز ڈی آئی خان کے درمیان کھیلا گیا
جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ریل کشمیر نے ڈی آئی خان ینگ بوائز کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس موقع پر تعمیر پاکستان فاﺅنڈ یشن یوتھ کوارڈینیٹر چیئر مین ہومنگ پجن ایسوسی ایشن رفیق الرحمان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ آرگنائزنگ سیکرٹری خالد خان ، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں ۔
جمخانہ گراﺅنڈ پر منعقدہ پشاور فٹبال پریمیئر لیگ کا فائنل ریل کشمیر فٹبال کلب اور ینگ بوائز ڈی آئی خان فٹبال کلب کے درمیان کھیلاگیا جس میں میں ریل کشمیر کلب نے ایک گول سے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی ،
لیگ کے آرگنائزر خالد خان نے اس موقع پر کہا کہ "پشاور پریمیئر لیگ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
اس طرح کی جسمانی سرگرمیاں نوجوانوں کو تندرست و توانا رکھنے کے ساتھ ساتھ منفی رجحانات سے بھی بچاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لیگ کا مقصد کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا اور نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ شائقین اور کھلاڑیوں کی جانب سے بھی اس ٹورنامنٹ کو بھرپور پذیرائی ملی۔