اے ایف سی انڈر 17 کوالیفائرز: محمد حبیب کی قیادت میں نوجوان شاہینز تیار
شاہینز کی اڑان: پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم ایک بار پھر ایشین اسٹیج پر
اسلام آباد: پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد حبیب نے کہا ہے کہ وہ اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027 کے کوالیفائرز کے لیے اپنی ٹیم کی تیاریوں سے مطمئن ہیں۔ ایونٹ کے کوالیفائنگ مقابلے لاؤس کے شہر وینتیان میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اتوار کو گروپ ڈی میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔
حالیہ نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کے حوالے سے محمد حبیب کا کہنا تھا کہ ٹیم میدان میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔
ٹورنامنٹ سے قبل پریس کانفرنس میں محمد حبیب نے کہا، ’’ہم نے بھرپور تیاری کی ہے اور اس دوران کئی سخت تربیتی سیشنز میں حصہ لیا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں۔‘‘
آئندہ چیلنج کے حوالے سے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایران اور اردن جیسی مضبوط ایشیائی ٹیموں کا سامنا ہے، تاہم ان کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے پُراعتماد ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’ہمارے پاس باصلاحیت اور پُرعزم کھلاڑیوں کا ایک اچھا گروپ ہے، جو اس مرحلے پر بہترین کھیل پیش کرنے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پُرجوش ہیں۔‘‘
سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد پاکستان 11 نومبر کو ایران سے مقابلہ کرے گا، جبکہ اس کے تین روز بعد میزبان لاؤس کے مدمقابل ہوگا۔ پاکستان گروپ مرحلے کا آخری میچ 20 نومبر کو لاؤس کے خلاف کھیلے گا۔
گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم آئندہ سال ازبکستان میں ہونے والے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کے فائنلز کے لیے کوالیفائی کرے گی۔