تاریخی لمحہ! پاکستان نے 23 ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
تاریخی لمحہ! پاکستان نے 23 ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
نور زمان اور محمد عاصم خان کی شاندار فتوحات، قومی ٹیم نے طلائی تمغہ جیت کر ایشیا میں حکمرانی قائم کرلی
اسلام آباد ; پاکستان کی مینز اسکواش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 2-0 سے شکست دے کر ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا
فائنل مقابلے میں پاکستان کی جانب سے نور زمان نے پہلے میچ میں کوریا کے جیونگ من ریو کو 11-5، 11-7 اور 13-11 سے شکست دے کر قومی ٹیم کو برتری دلائی۔
دوسرے میچ میں محمد عاصم خان نے کوریا کے سیوجن اوہ کو 11-6، 11-5 اور 11-4 سے ہرا کر پاکستان کی کامیابی پر مہر ثبت کردی
پاکستانی مینز ٹیم نے پورے ایونٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا اور فائنل میں بھی حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے طلائی تمغہ حاصل کیا
جبکہ جنوبی کوریا کی ٹیم چاندی کے تمغے کی حقدار قرار پائی۔ ہانگ کانگ چائنہ اور ملائیشیا کی مینز ٹیموں نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
دوسری جانب ویمنز ٹیم ایونٹ کے فائنل میں ہانگ کانگ چائنہ نے ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ ملائیشیا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
ویمنز ایونٹ کے دوسرے فائنل میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو 3-0 سے شکست دی۔ اس مقابلے میں ڈیمی کم نے پاکستان کی شہریش علی، منگیونگ ہیو نے ثنا بہادر جبکہ ہوا یونگ ایوم نے ماہ نور علی کو شکست دی۔
ایران اور جنوبی کوریا کی ویمنز ٹیموں نے کانسی کے تمغے حاصل کیےچیمپئن شپ کی اختتامی تقریب مشحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی،
جس میں اسکواش کے نامور سابق کھلاڑی گوگی علاؤالدین، قمر زمان اور جہانشیر خان نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب تھے
جبکہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ایئر مارشل کاظم حماد (ایچ آئی ایم) اور سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل سہیل اکبر (ایس آئی ایم) بھی اس موقع پر موجود تھے
اختتامی تقریب میں کامیاب ٹیموں اور تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی گئی۔ پاکستان کی مینز ٹیم نے ایشین چیمپئن بن کر قومی اسکواش کے لیے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرلیا