فٹ بال

فیفا صدارتی الیکشن میں انفینٹینو کو پہلی بار چیلنج کا سامنا

فیفا: صدارتی انتخابات کیلئے تین امیدوار سامنے آگئے

زیورخ: عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا کے صدارتی انتخابات کے لیے تین امیدوار سامنے آ گئے ہیں۔ فیفا نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اسے آئندہ سال ہونے والے صدارتی الیکشن کے لیے تین امیدواریاں موصول ہو گئی ہیں۔

فیفا کے مطابق صدارتی انتخابات 77 ویں فیفا کانگریس میں 18 مارچ 2027 کو رباط، مراکش میں ہوں گے۔فیفا کونسل نے 29 اپریل 2026 کو انتخابات کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ممبر ایسوسی ایشنز کی جانب سے تین نام تجویز کیے گئے ہیں۔

تینوں امیدوار کون ہیں؟

1. جیانی انفینٹینو (سوئٹزرلینڈ / اٹلی) موجودہ فیفا صدر جیانی انفینٹینو چوتھی مدت کے لیے امیدوار ہیں۔ وہ 2016 سے فیفا کے صدر ہیں۔ ان کے دور میں ورلڈ کپ کو 32 سے بڑھا کر 48 ٹیموں تک کیا گیا، وی اے آر متعارف کرایا گیا اور ممبر فیڈریشنز کے لیے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا گیا۔

2. فلپ ڈیالو (فرانس) فرانس فٹبال فیڈریشن کے صدر فلپ ڈیالو 63 سال کے ہیں اور 2023 سے اس عہدے پر ہیں۔ انہیں یورپی نیشنل ایسوسی ایشنز کی متفقہ حمایت حاصل ہے۔ وہ اس سے پہلے انفینٹینو کے حامی سمجھے جاتے تھے، مگر بعد میں فرانس نے ان کی حمایت واپس لے لی۔

3. کوہزو تاشیما (جاپان) جاپان فٹبال ایسوسی ایشن کے اعزازی صدر کوہزو تاشیما 68 سال کے ہیں اور سابق جاپانی انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں۔ جاپان کی تاریخ میں پہلی بار کسی نے فیفا صدارت کے لیے امیدواری پیش کی ہے۔
فیفا کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ جیانی انفینٹینو کو صدارتی الیکشن میں باقاعدہ مقابلے کا سامنا ہوگا۔ اس سے پہلے وہ 2023 میں بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے تھے۔

اس بار مقابلہ سخت ہونے کی بڑی وجہ ورلڈ کپ کے حصص نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کا وہ منصوبہ بنا، جس پر دنیا بھر میں شدید تنقید ہوئی اور بعد میں اسے واپس لینا پڑا۔ اس کے بعد درجنوں فیڈریشنز نے انفینٹینو سے اپنی حمایت واپس لے لی تھی۔

فیفا نے بتایا ہے کہ تینوں امیدواریاں الیکٹورل کمیٹی کو جانچ کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ کمیٹی امیدواروں کی اہلیت کا جائزہ لے کر 18 فروری 2027 تک ممبر ایسوسی ایشنز کو حتمی منظور شدہ امیدواروں کے ناموں سے آگاہ کرے گی۔

فیفا کے مطابق انتخابی عمل فیفا کے آئین اور الیکشن کیلنڈر کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

Related Articles


Back to top button