رضوان اللہ کی 5 وکٹیں، عثمان اور حیام کی ففٹیاں، پاکستان انڈر 19 فائنل میں
پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست
مسقط: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش انڈر 19 کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
العامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے 31.4 اوورز میں صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے عبداللہ المحی 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ باقی کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد سمیر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 نے انتہائی جارحانہ آغاز کیا اور مطلوبہ ہدف 21.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
حیام خان نے 72 گیندوں پر 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان 54 گیندوں پر 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عثمان خان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 شاندار چھکے شامل تھے۔
پاکستان انڈر 19 نے 169 گیندیں قبل ہی ہدف پورا کر کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
ایونٹ کا فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل (بھارت بمقابلہ افغانستان) کے فاتح سے ہوگا۔