کرکٹ
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
راولپنڈی: پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سہ ملکی سیریز کا آغاز اتوار سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے میچ سے ہوگا۔ ٹرافی کی رونمائی تینوں کپتانوں، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، انگلینڈ کے ہیری بروک اور سری لنکا کے کوشل مینڈس نے کی۔ رونمائی کے بعد تینوں کپتانوں نے پریس کانفرنس بھی کی۔ سہ ملکی سیریز کا آغاز کل 18 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز میں مجموعی طور سات میچز کھیلے جائیں گے جن میں تین راولپنڈی اور فائنل سمیت چار میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔ تمام میچز دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے۔ شاہین آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اصل ہدف یہ سیریز جیتنا ہے، اس سیریز سے ورلڈ کپ اسکواڈ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے تجربہ کار بلے باز بابر اعظم کو ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں اتحاد ہے، سلمان علی آغا کی پرفارمنس بھی بہترین جا رہی ہے، انہوں نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کی ہے۔ سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے، یہاں کھیلتے ہوئے مجھے زیادہ اعتماد محسوس ہوتا ہے۔ ہیری بروک کا کہنا تھا کہ میں نے 22 سال کی عمر میں پاکستان سپر لیگ کھیلی تھی۔ پی ایس ایل کھیلنے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت مدد ملی۔