بیس بال

پشاور میں بیس بال کی نئی قیادت آ گئی، جلد صوبائی چیمپئن شپ کا اعلان

خیبر پختونخوا بیس بال ایسوسی ایشن میں بڑی تبدیلی، ولی خان شنواری بلامقابلہ صدر منتخب

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹر) خیبر پختونخوا بیس بال ایسوسی ایشن میں بڑی تبدیلی آ گئی ہے۔ جنرل کونسل کے اہم اجلاس میں ولی خان شنواری کو بلامقابلہ نیا صدر اور محمد عاصم کو سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا۔

خیبر پختونخوا بیس بال ایسوسی ایشن کا خصوصی جنرل کونسل اجلاس پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ولی خان شنواری نے کی۔

 اجلاس میں صوبے کے تمام ریجنز سے وابستہ ریجنل بیس بال ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد صدرِ اجلاس نے ایجنڈا ایوان کے سامنے پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی بیس بال ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر نعمان الحق اور سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر جمال کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اراکین نے طویل غور و خوض کے بعد مکمل اکثریت رائے سے دونوں سابق عہدیداران کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کی باضابطہ منظوری دے دی۔

عہدے خالی ہونے کے بعد نئے عہدیداروں کا چناؤ عمل میں لایا گیا، جس میں جنرل کونسل کے تمام شرکاء نے مکمل اتفاقِ رائے سے ولی خان شنواری کو بلامقابلہ صدر اور محمد عاصم کو بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا۔

انتخاب کے بعد جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر ولی خان شنواری نے اراکین کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خیبر پختونخوا کے کونے کونے میں بیس بال کے کھیل کو فروغ دینے اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ 

انہوں نے اس موقع پر پشاور میں جلد ایک شاندار صوبائی بیس بال چیمپئن شپ منعقد کرانے کا بھی باقاعدہ اعلان کیا۔

نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ بیس بال میں خیبر پختونخوا کا ٹیلنٹ کسی سے کم نہیں، بس اسے موقع، گراؤنڈ اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ ان شاءاللہ اب بیس بال کو وہ مقام دیا جائے گا جس کا وہ حقدار ہے۔

Related Articles


Back to top button