سکواش
پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکواش چیمپئن شپ حیدرآباد میں شروع ہو گئی
پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکوا ش چیمپئن شپ حیدرآباد میں شروع ہو گئی
مینز سنگلز میں نوید رحمان،انس علی شاہ کی فتح،ویمنز میں حبیبہ خان،زنیرہ،ارفع کی کامیابی
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) دوسری پبلک اسکول حیدرآباد نیشنل جونیئر اور پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکوا ش چیمپئن شپ پبلک اسکول حیدرآباد کے اسکواش کورٹس پر شروع ہو گئیں۔ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کی تمام چار کیٹیگریز کے لئے ایک لاکھ روپے جبکہپی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکوا ش چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک ہزارٖڈالرز ہے۔ چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے دلچسپ اور یکطرفہ دونوں انداز کے مقابلے دیکھنے میں آئے۔حیدرآباد پبلک اسکول کے پرنسپل اور حیدرآباد اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی اقبال میمن افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ایونٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پرسندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان،سینئر نائب صدر شبرگل خٹک،جوائنٹ سیکریٹری ریحان شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے جارہ کردہ نتائج کے مطابق مینز کیٹیگری میں سینئر کھلاڑیوں نے اپنی برتری ثابت کی۔ پاکستان کے نوید رحمان نے حاشر کفائت کو سخت مقابلے کے بعد3-1سے شکست دی۔انہوں نے پہلا سیٹ6-11سے ہارنے کے بعد اگلے تینوں سیٹس میں 11-3،11-4اور11-6سے کامیابی سمیٹی۔دیگر میچوں میں پاکستان کے انس علی شاہ،عبداللہ ندیم،اشعر بٹ، سلیمان گل، ایم زمان خان،محمد احمد،عبدالسعید،کلیم اللہ شعیب،عبدالاحد بٹ،فیضان خان،ورون آصف،عبدالباسط خان اور حسن پراچہ نے بھی پہلے راؤنڈ میں فتح حاصل کی۔بوائز انڈر نائنٹین کیٹیگری میں سندھ کے عدنان زمان اور زوہیب خان کو بائی مل گئی جبکہ کے پی کے محسن خان نے سندھ کے احمدعلی کو3-0سے،بلوچستان کے عصمت اللہ نے پنجاب کے قنبیط کو3-0سے،پنجاب کے دانیال نے پنجاب ہی کے ارسلان علی کو 3-1سے، کے پی کے فضل ایان نے پنجاب کے معیز احمد خواجہ کو3-0سے اور کے پی کے محمد حبیب نے پنجاب کے یشوا یوسف کو3-2سے زیر کر لیا۔ بوائز انڈر الیون کیٹیگری میں محمد یوسف، ایم مجتبیٰ راؤ،محمد سنان احمد خلیل اور ارحم امجد نے تین صفرسے اپنے میچزجیتے۔ محب خان نے ازلان خان کو3-1سے اور ایم علیان نے شاہ زیب احمد کو3-1سے مات دی۔ سندھ کے ایم ابان،پی اے ایف کے عاطف علی ناز،کے پی کے عمر نجیب،ابو بکر صدیقی،سندھ کے ایم بن نسیم اور عبدالکریم کو بائی ملنے کے باعث اگلے مرحلے تک رسائی مل گئی۔ ویمنز ایونٹ میں زیادہ تر مقابلے یکطرفہ رہے اور بیشتر کھلاڑیوں نے 3-0سے کامیابیاں سمیٹیں،سطوت زہرا، حبیبہ خان، سہیما فاطمہ،زنیرہ عمران اور ارفع نے آسان فتوحات کے ساتھ اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ مریم،دعا نزاکت،انعم مصطفی، عزیز، سیدہ رمین نقوی،حباامتیاز، وانیہ طاہر اور سیدہ زنیرہ شجاع بھی اپنے میچز جیت گئیں۔سندھ کی دامیہ خان اور ویشنوی کو اگلے راؤنڈ کے لئے بائی مل گئی۔