ایچی سن قومی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ: خیبر پختونخوا کے عبید اللہ نے انڈر 19 ٹائٹل جیت لیا
ایچی سن قومی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ: خیبر پختونخوا کے عبید اللہ نے انڈر 19 ٹائٹل جیت لیا
لاہور: ایچی سن کالج لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ قومی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی، جس کے بوائز انڈر 19 فائنل میں خیبر پختونخوا کے عبید اللہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سندھ کے عدنان زمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ایچی سن کالج کے اسکواش کورٹس پر کھیلے گئے ایج گروپ فائنلز کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بورڈ ایڈوائزر ملٹی پل کمپنی ہمیش خان تھے،
جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں پرنسپل ایچی سن کالج ڈاکٹر سید تراب حسین، سیکرٹری پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن محمد منصور اور ایچی سن کالج کے سابق اسکواش کپتان و کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
چیمپئن شپ کے سب سے بڑے مقابلے یعنی انڈر 19 فائنل میں عبید اللہ (کے پی کے) نے عدنان زمان (سندھ) کو محض 21 منٹ میں زیر کیا؛ ان کی فتح کا اسکور 3-11، 8-11 اور 10-12 رہا۔
انڈر 15 فائنل میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے سہیل عدنان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے خیبر پختونخوا کے دانش سکندر کو 7-11، 7-11 اور 5-11 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اسی طرح انڈر 13 فائنل میں ایس این جی پی ایل ہی کے مصطفیٰ خان نے صرف 17 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں پاکستان ایئر فورس کے عبدالرحمٰن کو 0-3 (8-11، 6-11، 5-11) سے آؤٹ کلاس کیا، جبکہ انڈر 11 فائنل میں پی اے ایف کے عاطف علی ناز نے پنجاب کے عبدالکریم کو 9-11، 9-11 اور 4-11 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس ایچی سن کالج عمر زمان، ٹیکنیکل ڈائریکٹر گوگی علاؤالدین اور آرگنائزنگ سیکرٹری اویس امین سمیت دیگر منتظمین کو شاندار انتظامات پر اعزازی سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔