بیس بال

ڈپٹی کمشنر ملتان سے بیس بال چیمپئن شپ آرگنائزنگ کمیٹی کی ملاقات، بہترین انتظامات پر مبارکباد

32 سال بعد ملتان میں نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد قابلِ تحسین ہے: ڈپٹی کمشنر ملتان

ملتان: ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا جہاد ہے، 32 سال بعد ملتان میں 27ویں خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد شہر کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ اور مثبت سرگرمیوں کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

پاکستان فیڈریشن آف بیس بال کے زیر اہتمام 2 سے 8 نومبر تک قلعہ قاسم باغ اسٹیڈیم ملتان میں منعقد ہونے والی چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے آرگنائزنگ سیکرٹری محمد جمیل کامران نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹس ظفر شیروانی کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی۔

اس موقع پر محمد جمیل کامران نے ڈپٹی کمشنر کو چیمپئن شپ کے انتظامات اور کامیاب انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں ملک بھر سے شریک ٹیموں کے قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ مہمان ٹیموں کے قیام و طعام اور میچز کے انعقاد کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 32 سال بعد ملتان کو قومی بیس بال چیمپئن شپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، جسے کامیاب بنانے میں مختلف محکموں کے ساتھ محکمہ کھیل ملتان نے بھی بھرپور تعاون کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے آرگنائزنگ سیکرٹری محمد جمیل کامران اور ان کی ٹیم کو دن رات محنت اور بہترین انتظامات کے ذریعے کامیاب ایونٹ منعقد کرانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم کی خدمات کو بھی سراہا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بیس بال پاکستان کے مقبول کھیلوں میں شامل ہے اور قومی سطح کے اس ایونٹ کی میزبانی ملتان کے لیے اعزاز ہے۔ مستقبل میں بھی شہر میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

ملاقات کے اختتام پر آرگنائزنگ سیکرٹری محمد جمیل کامران نے دیگر شرکاء کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر محمد فیصل سلیم کو چیمپئن شپ کا اعزازی سووینئر پیش کیا۔

Related Articles


Back to top button