بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے 2026-27 کا کیلنڈر جاری کر دیا، 5 بڑے ایونٹس کا اعلان
بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے 2026-27 کا کیلنڈر جاری کر دیا، 5 بڑے ایونٹس کا اعلان
اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹر) بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے 2026-27 کے کلیدی ایونٹس کی تاریخوں کا اعلان کر دیا، تمام ممبر ممالک کو تیاریوں کی ہدایت
بیس بال فیڈریشن آف ایشیا (BFA) نے آئندہ دو سال کے لیے اہم انٹرنیشنل ایونٹس اور کلینکس کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
BFA کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں خاص طور پر ان فیڈریشنز کو مخاطب کیا گیا ہے جو اپنے ملک میں بیس بال کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہیں،
اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی کیلنڈر میں ان تاریخوں کو محفوظ کر لیں اور اپنی ٹیموں، امپائرز اور اسکوررز کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دیں۔
اعلامیہ کے مطابق BFA کے زیر اہتمام 5 بڑے ایونٹس شیڈول کیے گئے ہیں:
دسمبر 2026 میں منیلا میں امپائرنگ اور اسکورنگ کلینک ہوگا۔ BFA نے تمام ممبر ممالک کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ اپنے امپائرز اور اسکوررز کو اس کلینک میں بھیجیں تاکہ وہ جدید تربیت حاصل کر کے اپنے ملک میں واپس جا کر علم کو آگے پھیلا سکیں۔
7 سے 13 دسمبر 2026 تک ایسٹ ایشیا کپ منیلا، فلپائن میں کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں 6 ممالک کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس کپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں براہ راست 2027 ایشین بیس بال چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
وسط دسمبر 2026 میں ویسٹ ایشیا میٹنگ منعقد ہوگی۔ اس میٹنگ کے کم از کم 90 روز بعد 2027 ویسٹ ایشیا کپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ BFA کے مطابق ان کی اولین ترجیح ایسے ملک کو میزبانی دینا ہے جہاں تمام اہل ٹیمیں بلا رکاوٹ سفر کر کے شرکت کر سکیں۔ اس کپ کی بھی ٹاپ 2 ٹیمیں 2027 ایشین چیمپئن شپ میں جگہ بنائیں گی۔
اگست 2027 میں BFA انڈر 15 ایشیا چیمپئن شپ جاپان کے صوبہ یاماناشی میں ہوگی۔ یہ ٹورنامنٹ ایشیا میں WBSC انڈر 15 بیس بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفکیشن کا درجہ رکھتا ہے۔
ستمبر 2027 میں ایشین بیس بال چیمپئن شپ چین میں منعقد ہوگی۔ یہ چیمپئن شپ انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ LA28 اولمپکس کے فائنل کوالیفکیشن ایونٹ تک رسائی کا راستہ ہے۔
BFA نے اپنے پیغام میں تمام ممبر فیڈریشنز پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی اہلیت کے مطابق تمام ٹورنامنٹس اور کلینکس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور اس معلومات کو فوری طور پر اپنے کوچز، کھلاڑیوں، امپائرز اور اسکوررز تک پہنچائیں تاکہ وہ اپنی تیاریاں بروقت مکمل کر سکیں۔