نیشنل چیلنج کپ‘ پاکستان واپڈا اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں فتح سے ہمکنار

پشاور(ریاض احمد) پاکستان واپڈنے کے پی ٹی کو 3-0اور پاکستان نیوی نے پاکستان ٹیلی وژن کو 2-0سے شکست دے کر 28ویں نیشنل چیلنج کپ 2019میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی ۔ پاکستان واپڈا کے زبیر قدیر، اشفاق الدین اور عدنان سعید نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پھینکا جبکہ پاکستان نیوی کیلئے عدیل احمد اور عبدالرحمن نے گول اسکورکئے۔ نیشنل کوچز طارق لطفی اور صدیق شیخ کا تعارف پاکستان نیوی اور پی ٹی وی کی ٹیموںسے بحیثیت مہمانان خصوصی تعارف کرایا گیا۔انہوں نے پشاور میں منعقدہ ٹورنامنٹ پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ محکماجاتی ٹیموں کی فٹبال سرگرمیوں کے سلسلے کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کیلئے اس طرح کے ایونٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ محکماجاتی فٹبال متحرک اور فعال رہے۔اس موقع پر سید ظاہر شاہ، صدر ، کے پی کے فٹبال ایسوسی ایشن، آرگنائزنگ سیکریٹری باسط کمال، رؤف باری، قاضی آصف ودیگر بھی موجود تھے۔ آج(منگل) ایئرفورس کا سامنا پاکستان پولیس اور نیشنل بینک کا مقابلہ ایشیا گھی ملز سے ہوگا۔طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور پر کھیلے گئے گروپ ’ڈی‘ میں پاکستان واپڈا نے کے پی ٹی کو 3-0کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ زبیر قدیرنے 10ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان واپڈ کو 1-0سے آگے کیا اور 23ویں منٹ میں اشفاق الدین نے دوسرا گول بنا کر اپنی ٹیم کے اسکور کو 2-0سے مستحکم کیا۔ وقفہ پر کے پی ٹی 0-2کے خسارے میں تھی۔57ویں منٹ میں عدنان سعید نے تیسرا گول اسکورکرکے اپنی ٹیم کی فتح کو 3-0سے یقینی بنادیا۔ فلڈ لٹ میں کھیلے جانے والے گروپ ’بی‘ میں پاکستان نیوی اور پاکستان ٹیلی وژن کے مابین انتہائی سنسنی خیز میچ کھیلا گیا جو وقفہ پر 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ وقفہ کے دوران نیشنل کوچز طارق لطفی اور صدیق شیخ سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔ 66ویں منٹ میں عدیل احمد نے دائیں جانب سے آنے والے کراس کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان نیوی کو 1-0سے برتری دلادی۔ کھیل کے آخری لمحات میں عبدالرحمن نے 89ویں منٹ میں مزید ایک گول داغ کر پی ٹی وی کو 2-0کی شکست پر مجبور کردیا۔ ریفری ارشاد الحق اور یونس لعل کے معاونین عدیل انور، ذیشان علی، صدام حسین، نصیر الدین ، شوکت حسین اور اکبر دوست، ریفریز ایسیر جبکہ میچ کمشنر قاضی آصف تھے۔

تعارف: newseditor