قائد اعظم ٹرافی ،بابر اعظم کا نسیم شاہ کو فائنل الیون سے ڈراپ کرنیکا اعلان

کراچی ( سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے سینٹرل پنجاب کا کپتان مجھے بنایا تھا تاہم میری غیر موجودگی میں احمد شہزاد نے پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی بہترین کپتانی کی ہے۔ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا 5 روزہ فائنل 27دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں شروع ہو رہا ہے جہاں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم سینٹرل پنجاب کا مقابلہ ناردن کے ساتھ ہے۔

سینٹرل پنجاب کی فائنل میں قیادت ٹی 20ٹیم کے کپتان بابر اعظم کر رہے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو تجربے کار اور ان فارم کرکٹرز کی خدمات حاصل ہیں ،البتہ حتمی الیون کا انتخاب ایک مشکل مرحلہ ہوگا۔بابر اعظم نے کہا کہ نسیم شاہ کو آرام دینے کی غرض سے فائنل نہ کھیلنے دینا اس اعتبار سے درست فیصلہ ہے کہ وہ ایک فاسٹ بولر ہے اور مسلسل کھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہماری بات ہے بطور بیٹسمین ہم نے اپنی دستیابی ظاہر کی کیونکہ بولر اور بیٹسمین کے ورک لوڈ کا معاملہ قدرے مختلف ہے۔

سینٹرل پنجاب کی لیگ میچوں کی قیادت کرنیوالے احمد شہزاد کو فائنل میں قیادت سے ہٹائے جانے کے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹیسٹ بیٹسمین دوران ٹورنامنٹ بہترین انداز میں قیادت کرتے رہے اور فائنل تک ٹیم کو پہچانے میں انکی قیادت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لیے سینٹرل پنجاب کی قیادت مجھے دی گئی تھی اور بورڈ نے کہا تھا کہ آپ کھیلیں گے تو قیادت آپ ہی کو کرنا ہوگی۔

error: Content is protected !!