دورہ جنوبی افریقہ کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)ویمنز سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے سترہ رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے.

بسمہ معروف کی عدم دستیابی کے باعث قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت جویریہ خان کے سپرد کی گئی ہے.

عروج ممتاز کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی نے بائیس سے یکم نومبر تک راولپنڈی میں جاری رہنے والی نیشنل ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کراچی میں لگائے گئے ہائی پرفارمنس کیمپ میں خواتین کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے بعد سترہ خواتین کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی. تین رکنی سلیکشن کمیٹی کی دیگر دو اراکین میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں.

اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق عائشہ ظفر، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان اور نشرہ سندھو کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے.

ناہیدہ خان نے نیشنل ٹرائنگولر ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں 51 کی اوسط سے سب سے زیادہ 154 رنز بنائے تھے. پی سی بی ڈائنامائٹس کی عائشہ ظفر نے ٹورنامنٹ میں 111 رنز بنائے تھے. وہ ایونٹ کی چوتھی بہترین بیٹر قرار پائیں.

آلراؤنڈر کائنات امتیاز کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، انہوں نے چار میچوں میں 111 رنز اور تین وکٹیں حاصل کی تھیں. نشرہ سندھو نے چیمپئن شپ میں 25 وکٹیں حاصل کی تھیں. وہ ایونٹ کی جوائنٹ لیڈنگ وکٹ ٹیکر رہی تھیں.

بیس جنوری کو ڈربن میں شیڈول سیریز کا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کوویڈ 19 کے باعث دس ماہ بعد انٹرنیشنل میدان میں واپسی کا سبب بنے گا.

تئیس جنوری کو اسی گراؤنڈ پر دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم پیٹرزمیرٹزبرگ روانہ ہوجائے گی جہاں وہ چھبیس جنوری کو میزبان ٹیم کے خلاف تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور پھر پہلے دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گے، یہ دونوں ٹی ٹونٹی میچز 29 اور 31 جنوری کو کھیلے جائیں گے.

تین فروری کو شیڈول آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایک بار پھر ڈربن پہنچے گی.

عروج ممتاز، چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی:

نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ ہائی پرفارمنس کیمپ اور نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی سترہ رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے، گزشتہ تین ماہ میں ہماری کھلاڑیوں کی انفرادی سوچ اور حکمت عملی میں بہتری کے آثار واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ یہ اسکواڈ بہت متوازی ہے اور اس میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا امتزاج شامل کیا گیا ہے.

عروج ممتاز نے کہا کہ جویریہ خان تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور انہیں گیم کی بہت سمجھ ہے، لہٰذا بسمہ معروف کی عدم دستیابی کے باعث انہیں ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، وہ ماضی میں بھی یہ ذمہ داری نبھا چکی ہیں اور ہمیں مستقبل میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے آخری مرتبہ 2018 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جہاں بہترین اور معیاری کرکٹ میچز دیکھنے کو ملے تھے، یہ ٹور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگا.

سترہ کھلاڑیوں پر مشتمل قومی خواتین کرکٹ ٹیم گیارہ جنوری کو کراچی سے جنوبی افریقہ روانہ ہوگی، ٹیم میں شامل کھلاڑی فی الحال کراچی میں بنائے گئے بائیو سیکیور ماحول میں لگائے گئے کیمپ میں اپنی تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھے گی.

اسکواڈ (ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی دونوں سیریز کے لیے):

جویریہ خان (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، کائنات امتیاز، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ.

error: Content is protected !!