کراچی کنگز نے روایتی حریف لاہور قلندرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے چھبیسویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 22 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ میچ میں شکست کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم 150 رنز کے تعاقب مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بناسکی۔ فاتح ٹیم کے میرحمزہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور عبداللہ شفیق پر مشتمل لاہور قلندرز کی ان فارم اوپننگ جوڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور محض 10 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔دونوں بیٹرز کو میر حمزہ نے آؤٹ کیا۔

جس کے بعد تجربہ کار بیٹر محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کی کمان سنبھالی اور تیسری وکٹ کے لیے کامران غلام کے ہمراہ 42 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالادینے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 33 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ کامران غلام نے13 رنز اسکور کیے۔ لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم 64 رنز پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ایسے میں ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک نے چھٹی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔

لاہور قلندرز کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے تاہم میرحمزہ نے ایک ہی اوور میں دو سیٹ بیٹرز ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک کو آؤٹ کرکے میچ میں کراچی کنگز کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ڈیوڈ ویزے 31 اور ہیری بروک 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

میرحمزہ نے چار جبکہ کرس جارڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی پوری ٹیم نوجوان فاسٹ باؤلر زمان خان اور لیگ اسپنر راشد خان کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت 19.5 اوورز میں 149 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اوپنر شرجیل خان 39رنز بناکر نمایاں رہے۔ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی چار بیٹرز لوئس گریگری 27، قاسم اکرم 26 اور روحیل نذیر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

زمان خان اور راشد خان نے بالترتیب 16 اور 17 رنز کے عوض چار چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

error: Content is protected !!