سید فخر علی شاہ دبئی میں ہونے والے یونائیٹڈ انٹرنیشنل بیس بال لیگ کے اجلاس میں شرکت کریں گے

ونائیٹڈ انٹرنیشنل بیس بال لیگ نے صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال و نائب صدر بیس بال فیڈریشن آف ایشیا سید فخر علی شاہ کو دبئی، متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ریجنل اجلاس میں مدعو کیا ہے جس میں وہ بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کے مطابق اس سلسلے میں سید فخر علی شاہ UIBL کارپوریشن کے چیئرمین کنول سرا کا دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد دبئی روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ باضابطہ طور پر BSFI کی نمائندگی کریں گے۔اجلاس میں بیس بال کھیل سے اور پورے خطے میں اس کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ UIBL کارپوریشن متحدہ عرب بیس بال لیگ کی اونر ہے اور وہ افتتاحی لیگ گیمز 23 فروری تا 5 مارچ ، 2023 کو منعقد کرنے کا پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں۔ جس میں ایشیائی اور مشرق وسطی کے علاقے کی ثقافتوں اور وہاں کے شائقین کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل 4 ٹیمیں شریک ہونگی۔یہ ٹیمیں دبئی، متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے 10 میچز کھیلیں گی جنکا دورانیہ 9 دن ہوگا۔

 

UABL گیمز عالمی سطح پر متعدد ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر کیے جائیں گے جن سے امریکہ سمیت دیگر ممالک کے بین الاقوامی بیس بال اور کرکٹ کے لاکھوں شائقین لطف اندوز ہوسکیں گے۔دوسری طرف دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 15,000 سے زیادہ شائقین کے ان میچوں کو دیکھنے کی گنجائش ہے۔ اس اہم میٹنگ میں شرکت کے لیئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں سید فخر علی شاہ نے بتایا کہ اس میٹنگ میں میری کوشش یہ ہوگی کہ اس لیگ میں پاکستان کے زیادہ سے زیادہ کھلاڑی رجسٹرڈ کرائے جائیں۔انکا کہنا ہے مذکورہ لیگ میں دنیا بھر کے پروفیشنل کھلاڑی شرکت کررہے ہیں اور پاکستان سے زیادہ کھلاڑی شامل کرنا ایک مشکل کام ہے لیکن میں کوشش کرونگا۔ انہوں نے بیس بال لوورز سے مخاطب ہوتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ترقی پذیر ممالک میں اپنی فیڈریشن کی سپورٹ کریں کیونکہ حکومتی عدم سرپرستی اور فینز کی سپورٹ کے بغیر سیلف فنانس پر اس طرح کے ایونٹس کی تیاری مشکل کام ہے۔اس موقع پر عامر بھٹی کے علاوہ بیس بال کھلاڑی و شائیقین نے انہیں لاہور ایئرپورٹ سے رخصت کیا.

تعارف: newseditor