وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ گوجرانوالہ،لاہور، ملتان سمیت 4 شہروں میں پہلوانوں کیلئے جم اورکمپلیکس بنائیں گے۔بڑے ادارے کھلاڑیوں کو ملازمتیں دیں تاکہ وہ روزگار سے بے فکر ہو کر کھیل سکیں۔ وہ آج نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں پرائیڈ آف پنجاب سپورٹس ایوارڈ اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز ا لہٰی نے کہاکہ سپورٹس کے شعبے میں گولڈمیڈلز کی خوشی ملنا قابل تحسین ہے۔ماضی میں نظر انداز سپورٹس کے شعبے کو دوبارہ بحال اور فنکشنل کریں گے۔نجی یونیورسٹیوں میں سپورٹس کے فروغ کیلئے وائس چانسلرز کو بلا رہا ہوں۔بچو ں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے غیر ملکی اور اچھے کوچ لائیں گے۔ وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے کہاکہ قذافی سٹیڈیم کے نزدیک ایک ارب ڈالر سے 25 منز لہ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔
نئے کمپلیکس میں پنجاب گورنمنٹ 30 فیصد اور 70 فیصد متحدہ عرب امارات کی حکومت کاحصہ ہوگا۔کھلاڑیوں کے سٹیڈیم آنے جانے کیلئے زیر زمین ٹنل بنائی جائے گی۔جدید کمپلیکس بننے سے کرکٹ کے میچ دبئی کی بجائے لاہور میں کرانا آسان ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کبڈی کے کھلاڑیوں کیلئے جہاں سے بھی اچھا کوچ ملے گا لے کر آئیں گے۔خواتین کی کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلو ں میں کوچنگ اور حوصلہ افزائی کریں گے۔حکومت پنجاب سپورٹس کے شعبے کو نظر انداز نہیں کرے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان کے پہلے گولڈمیڈلسٹ اتھلیٹ دین محمد کوگھر دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے سنوکر چیمپئن احسن رمضان کو 10 لاکھ روپے کی سنوکر ٹیبل دینے کا بھی اعلان کیا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں خصوصی تقریب کے دوران کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے نیزہ باز ارشد ندیم، ویٹ لفٹر نو ح دستگیر بٹ،سنوکر چیمپئن احسن رمضان کو پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈاور 20،20لاکھ روپے کیش انعام دیا۔سلور میڈل حاصل کرنے والے ریسلر انعام بٹ، طاہر شریف، زمان انور کو پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ اور10،10لاکھ روپے انعام سے نوازا گیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے براؤنز میڈلز حاصل کرنے والے ریسلر علی اسد کو 5لاکھ روپے اور پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ دیا۔وزیراعلیٰ نے اکرم ساہی، ممتازسابق کبڈی پلیئر ارشد ستار، بیڈ منٹن پلیئر زرینہ وقار، سابق اتھلیٹ عبدالخالق مرحوم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا اور5،5لاکھ روپے انعام دیا۔ عبدالخالق مرحوم کاایوارڈ او رکیش انعام ان کے بیٹے نے وصول کیا۔وزیراعلیٰ نے 1954کے منیلا ایشین گیمز میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اتھلیٹ دین محمد کو ان کی نشست پر جا کر گولڈمیڈل پیش کیا اور5لاکھ روپے انعام دیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی نے خاتون اتھلیٹ شبانہ اختر کو بھی انعام دینے کا اعلان کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود نے سپورٹس کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ کی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہااور کہاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ارشد ندیم کے علاقے میاں چنوں میں اتھلیٹس سٹیڈیم بھی قائم کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی اور ملک تیمور مسعود کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئی۔ صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود،صوبائی مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ، چیف سیکرٹری کامران افضل، سیکرٹری سپورٹس علی جان، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ،اراکین اسمبلی او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔