ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ; 14 رکنی ٹیم کا اعلان’ فاطمہ ثنا قیادت کرینگی

 

 

فاطمہ ثنا ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں قیادت کرینگی

کراچی، 24 مئی 2023

فاطمہ ثنا اے سی سی ایمرجنگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرینگی جو آئندہ ماہ ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا۔

 

خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے اس ٹورنامنٹ کے لیے14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں چار وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جو اس سال کے اوائل میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز انڈر 19ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

 

12 سے21 جون تک ہانگ کانگ میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پاکستانی اسکواڈ کی تشکیل مارچ میں ملتان میں کیمپ میں ٹریننگ کے علاوہ پاکستان کپ ٹورنامنٹ کے ٹی ٹوئنٹی مرحلے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر عمل میں آئی ہے۔

فاطمہ ثنا 31 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 24ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نماندگی کرچکی ہیں۔انہیں قیادت کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ پاکستان کپ کی کارکردگی دیکھ کر کیا گیا ہے جس میں انہوں نےاسٹرائیکرز کی کپتانی کی جس نے تمام تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

 

اس کے علاوہ دسمبر میں لاہور میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے بلاسٹرز کی کامیاب کپتانی کی تھی۔

پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ فاطمہ ثنا ( کپتان ) انوشا ناصر۔ ایمن فاطمہ ۔ گل فیروزہ۔ گل رخ ۔ لبنی بہرام ۔ ناجیہ علوی ( وکٹ کیپر ) ۔نتالیا پرویز۔ صدف شمس۔ شوال ذوالفقار۔ عروب شاہ۔ توبہ حسن ۔ ام ہانی۔ اور یسری عامر۔

ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات ۔ دعا ماجد۔ فاطمہ خان اور رامین شمیم شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم گروپ اے میں انڈیا اے، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ اے کے ساتھ ہے اور وہ اپنا پہلا میچ تیرہ جون کو تھائی لینڈ اے کے خلاف کھیلے گی۔ پندرہ جون کو اس کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ سترہ جون کو اس کا میچ بھارت اے کے خلاف ہوگا۔

 

چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق پرفارمنس دیں گی۔اس ٹیم میں غیرمعمولی صلاحیتوں کی حامل کھلاڑی موجود ہیں۔ہمارے لیے چودہ کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا آسان نہ تھا۔

 

سلیم جعفر نے ان کھلاڑیوں سے جو ٹیم میں جگہ نہیں بناسکی ہیں کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں اور اپنی محنت جاری رکھیں انہیں آنے والے ایونٹس میں ضرور مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے کیمپ سے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی نظروں میں ہے اور انہیں مختلف کنڈیشنز میں آزمایا جاتا رہا ہے جن میں تازہ ترین یہ حالیہ تین ٹوئنٹی میچز تھے جن میں انہیں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔

 

سلیم جعفر کے مطابق فاطمہ ثنا نے زبردست قائدانہ صلاحیتیں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں دکھائی ہیں اور وہ اپنی ٹیم کے لیے مثال بنتے ہوئے یہ ذمہ داری نبھائیں گی۔

کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہےاور یہ ذمہ داری انہیں ایک کرکٹر کی حیثیت سے آگے بڑھنے میں مدد دے گی۔یہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور وہ اس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے کے بارے میں بہت پرعزم اور پرجوش ہیں۔

 

فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ہم نےبہت اچھی پریکٹس کی ہے اور پاکستان کپ نے ہمیں میچ پریکٹس کا اچھا موقع فراہم کیا ہے۔ہماری آپس میں اچھی بات چیت رہی اور مجھے خوشی ہے کہ ہر کھلاڑی نے ہر میچ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔

 

یاد رہے کہ پاکستان ایمرجنگ ٹیم کا ٹورنامنٹ میں جانے سے قبل کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جمرات سے شروع ہوگا اور آٹھ جون تک جاری رہے گا۔ٹیم نو جون کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی۔

 

ٹیم کا سپورٹ اسٹاف ان افراد پر مشتمل ہے۔عائشہ جلیل ( منیجر ) محسن کمال ( ہیڈ کوچ ) محمد کامران حسین ( اسسٹنٹ کوچ ) محمد عثمان شاہد ( انالسٹ ) رابعہ صدیق ( فزیو تھراپسٹ ) ۔

قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی میں اسماویہ اقبال ۔ مرینہ اقبال اور محتشم رشید شامل ہیں۔

 

 

 

 

 

 

 

error: Content is protected !!