قائداعظم ٹرافی ; لاہور وائٹس کے علی زریاب اور احمد شہزاد کی سنچریاں.

 

 

قائداعظم ٹرافی : لاہور وائٹس کے علی زریاب اور احمد شہزاد کی سنچریاں ، ڈبل سنچری اوپننگ پارٹنرشپ

 

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن لاہور ریجن وائٹس کے علی زریاب اور احمد شہزاد نے راولپنڈی کے خلاف سنچریاں اسکور کیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں راولپنڈی ریجن نے ٹاس جیت کر لاہور ریجن وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے تھے۔

علی زریاب اور احمد شہزاد نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 210 رنز کا اضافہ کیا۔علی زریاب تین چھکوں اور 23 چوکوں کی مدد سے 182 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔احمد شہزاد دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے102 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ سعد خان 42 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔

 

کراچی وائٹس اور فیصل آباد ریجن کے درمیان پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے کھیل ختم ہونے پر 141 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔

خرم منظور کے سات رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد عماد عالم اور عمیر بن یوسف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 129رنز کا اضافہ کرلیا تھا۔عماد عالم چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 56 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے جبکہ عمیر بن یوسف 62رنز پر کھیل رہے تھے ان کی اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔

 

پشاور ریجن اور ملتان ریجن کے درمیان شعیب اختر اسٹیڈیم پنڈی میں ہونے والے میچ میں ملتان نے ٹاس جیت کر پشاور کو بیٹنگ دی جس نے پہلے دن کا اختتام 43 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔

 

ایبٹ آباد میں فاٹا اور لاہور بلوز کے درمیان میچ کے پہلے دن کھیل گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ممکن نہ ہوسکا۔

 

 

 

error: Content is protected !!