نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی: راولپنڈی، لاہور اور کوئٹہ کی کامیابی ; عالیہ ریاض کی سنچری

 

نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی: راولپنڈی، لاہور اور کوئٹہ کی کامیابی

عالیہ ریاض کی سنچری

لاہور 29 جنوری، 2024:ء

نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پیر کے روز کھیلے گئے میچوں میں راولپنڈی، لاہور اور کوئٹہ نے کامیابی حاصل کرلی۔ آج کے دن کی خاص بات عالیہ ریاض کی سنچری تھی۔

شعیب اختر کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں راولپنڈی نے ملتان کو 27 رنز سے شکست دیدی۔

راولپنڈی نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے جس میں عالیہ ریاض کی جارحانہ سنچری قابل ذکر تھی۔ انہوں نے61 گیندوں پر 17 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 118 رنز اسکور کیے۔

ملتان کی ٹیم جواب میں 5 وکٹوں پر 155 رنز بناپائی۔ گل فیروزہ نے گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے۔صائقہ ریاض نے 49 رنز اسکور کیے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں۔

عالیہ ریاض نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔

ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں لاہور نے کراچی کو 4 رنز سے ہرادیا۔
لاہور نے 7 وکٹوں پر 128 رنز بنائے بسمہ معروف نے47 رنز کی اننگز کھیلی۔ فاطمہ ثنا اور عمیمہ سہیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ منیبہ علی 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ یسریٰ عامر نے 35 رنز بنائے۔

نشرہ سندھو نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بسمہ معروف نے 23 رنز دے کر2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بسمہ معروف کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کوئٹہ نے پشاور کو 83 رنز سے شکست دیدی۔

کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 155 رنز بنائے۔ فریحہ محمود نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 56 اور طوبٰی حسن نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز اسکور کیے۔

پشاور کی ٹیم 72 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ عائشہ عاصم اور طوبٰی حسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

طوبی حسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 

 

 

error: Content is protected !!