پی ایس ایل 9 ؛ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری سیزن 9 کے 27ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 229 رنز کا ہدف دیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے7 وکٹوں کے نقصان پر 20ویں اوور کی آخری گیند پر ہدف حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے 40 گیندوں پر 84 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے،کپتان شاداب خان نے 54، فہیم اشرف نے 23، حیدر علی نے 19 رنز سکور کیے

جبکہ سلمان علی آغا 2 اور ایلکس ہیلز کوئی سکور نہ بنا سکے۔ عماد وسیم 30 اور نسیم شاہ ایک سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے،

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 3 اور محمد علی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویلی اور کرس جورڈن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے،

اوپنر یاسر خان اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم کپتان رضوان 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر خان 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں جونسن چارلس نے 16 گیندوں پر 42، افتخار احمد 13 جبکہ کرس جارڈن 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،

ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیسری سینچری اسکور کی، انہوں نے 50 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 2، نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کر لیا،اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم ایونٹ میں 6 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا 11 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ ; کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ، تیمل ملز

ملتان سلطانز ; کپتان محمد رضوان یاسر خان، طیب طاہر، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی

error: Content is protected !!