نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ مختلف شکل اور نئے جذبے کے ساتھ شروع ہوگا۔

نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ بدھ سے فیصل آباد میں شروع ہوگا۔

• فیصل آباد میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اس مرتبہ ٹورنامنٹ مختلف انداز میں کھیلا جائے گا جس میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ پچاس اوورز کا ہوگا۔

پہلے اس ٹورنامنٹ میں تین ٹیمیں شریک تھیں اور یہ پنتالیس اوورز کا ہوتا تھا۔

ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان اور راولپنڈی شریک ہیں۔

ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو دس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔

لاہور، 17 اپریل 2024:

نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ بدھ سے صنعتی شہر فیصل آباد میں شروع ہورہا ہے اس بار یہ ٹورنامنٹ مختلف شکل اور نئے جذبے کے تحت منعقد کیا جارہا ہے۔

گزشتہ سیزن تک یہ پنتالیس اوورز کا ٹورنامنٹ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ کے نام سے منعقد ہوتا رہا ہے جس میں تین ٹیمیں بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنامائٹس حصہ لیتی رہی ہیں

لیکن اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ کے لیے اپنی مسلسل کوششوں اور فروغ کے اپنے عزم کے تحت اس ٹورنامنٹ میں چھ ریجنل ٹیموں کو شامل کیا ہے جو ڈبل لیگ کی بنیاد پر 50 اوورز کے میچز کھیلیں گی۔

اس ٹورنامنٹ میں شریک چھ ٹیمیں کراچی لاہور ملتان پشاور کوئٹہ اور راولپنڈی کو کم از کم دس میچز کھیلنے کو ملیں گے۔

ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 22 لاکھ 45 ہزار روپے ہے۔

30 لیگ میچوں کے بعد دو سرفہرست ٹیمیں 11 مئی کو فائنل میں مدمقابل ہونگی جیتنے والی ٹیم سلور ٹرافی اور دس لاکھ روپے کی حقدار ہوگی ۔ رنرز اپ ٹیم کو پانچ لاکھ روپے ملیں گے۔

اس اہم ایونٹ کے میچز جواد کلب کرکٹ گراؤنڈ ، اقبال اسٹیڈیم اور بوہڑنوالی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ سعید اجمل اکیڈمی گراؤنڈ کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔

عمیمہ سہیل کراچی ریجن کی کپتانی کریں گی، لاہور کی قیادت کائنات حفیظ کریں گی، صائمہ ملک کوئٹہ کی کپتان ہونگی۔ملتان کی کپتان ہمنہ بلال ہونگی۔گل رخ پشاور اور ماہنور آفتاب راولپنڈی کی قیادت کریں گی ۔

بدھ کے میچز میں کوئٹہ بمقابلہ راولپنڈی، جواد کرکٹ کلب گراؤنڈ؛ کراچی بمقابلہ ملتان، اقبال
اسٹیڈیم؛ پشاور بمقابلہ لاہور، بوہڑنوالی کرکٹ گراؤنڈ۔

جمعہ کے میچز میں کوئٹہ بمقابلہ پشاور، اقبال اسٹیڈیم؛ لاہور بمقابلہ کراچی، جواد کلب کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی بمقابلہ ملتان، بوہڑنوالی کرکٹ گراؤنڈ۔

error: Content is protected !!