پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ آج 18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، عماد وسیم اور محمد عامر کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے،اپنے اسکواڈ سے مطمئن ہوں۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پانچ میچوں کی یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ہم سب سے اہم میگا ایونٹ کی تیاری کررہے ہیں۔ کاکول میں ہمارا فٹنس کیمپ بہت اچھا رہا اور ہم خود کو یونٹ کے طور پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے منتظر ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیں سیریز میں مختلف پوائنٹس پر چیلنج کرے گی جو پاکستان ٹیم کے لیے اچھا ہوگا۔ میں ٹیم میں یوتھ اور تجربے کے امتزاج کو دیکھتے ہوئے کپتان کی حیثیت سے بہت ُپرجوش ہوں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل کا کہنا ہے کہ مجھے اس دورے پر ٹیم کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔

ہمارے اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی کافی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہ اس فارمیٹ کے علم سے بہت اچھی طرح لیس ہیں۔ پاکستان ہوم گراؤنڈ میں مضبوط ٹیم ہے اور ہم انہیں اسی کے میدان میں چیلنج دینا چاہیں گے۔

ٹاس مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے ہوگا اور پہلی گیند مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے ہوگی۔

اسکواڈز:
پاکستان ۔ بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان۔

نیوزی لینڈ – مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈل، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول مک کونکی، جمی نیشم، ول او روک، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سائفرٹ، ِاش سوڈھی اور زیک فاکس۔

واضح رہے کہ آج 18 اپریل سے اسلام آباد راولپنڈی میں محکمہ موسمیات نے بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے، بارش ہونے کی صورت میں میچ متاثر ہو سکتا ہے۔

error: Content is protected !!