ٹی ڈی سی پی نویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا آغاز

جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں ٹی ڈی سی پی نویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا آغاز آج ہورہا ہے ، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ریلی کے شرکاء ریسرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کوٹی ڈی سی پی ڈیزرٹ ریلی کے لئے بھرپور معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے شہریوں کو تفریح کے مساوی مواقع مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ڈرائیورز کی شمولیت خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹو موبائل ٹورازم جیسے مقابلوں سے نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملتے ہیں، تھل ڈیزرٹ آٹو موبائل ٹورازم سےدنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے نویں ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی کے شرکاء اور شائقین کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

ٹی ڈی سی پی کے زیراہتمام نویں تھل ڈیزرٹ ریلی پنجاب کے تین اضلاع مظفر گڑھ، کوٹ ادواور لیہ میں منعقد ہوگی، کوٹ ادو کے چھانگا مانگا ٹیلہ پر ریس کے شرکاء کی رجسٹریشن، ٹیگنگ، انسپکشن اور طبی معائنہ ہوگا۔

ڈیزرٹ ریلی کے ڈراز کی بنیاد پر نویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا کوالیفائیڈ راؤنڈ ہوگا، شائقین کو محظوظ کرنے کے لئے ہارس ٹریک پر شاہی سواری کا مظاہرہ ہوگا جبکہ روایتی کبڈی، نیزہ بازی اور روایتی جھومر بھی پیش کیا جائے گا۔

9نومبر کو کوٹ ادو، چوبارہ میں سٹاک کیٹگری ریس ہوگی، لیہ میں نیزہ بازی اور کبڈی کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے، شائقین کی تفریح کے لئے کلچرل نائٹ اور آتش بازی کے مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔

10نومبر کو تھل ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ڈرائیورز کی جیپ ریس کے مقابلے ہونگے، کوٹ ادو اور چوبارہ میں ڈرٹ بائیک اور کواڈ بائیک ریس ہوگی۔ نویں تھل ڈیزرٹ ریلی جیتنے والوں کے لئے تقریب تقسیم انعامات مظفر گڑھ کے فیصل سٹیڈیم میں ہوگی۔

تعارف: News Editor