پی ایچ ایف الیکشن مشترکہ طور پر کرانے کا فیصلہ، اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں حتمی اتفاق
،کمیٹی کا پی ایچ ایف کے آن لائن پورٹل پر اعتماد کا اظہار۔۔۔

پی ایچ ایف الیکشن مشترکہ طور پر کرانے کا فیصلہ،
اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں حتمی اتفاق،
کمیٹی کا پی ایچ ایف کے آن لائن پورٹل پر اعتماد کا اظہار۔۔۔
اسلام آباد: اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے درمیان باہمی رضامندی سے پی ایچ ایف کے انتخابات مشترکہ طور پر کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین شیخ آفتاب احمد، انجم عقیل خان، خواجہ اظہار الحسن، مہرین بھٹو اور شہلا رضا نے شرکت کی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خاں، اولمپین شہباز احمد سینئر اور ظاہر شاہ اجلاس میں موجود تھے، جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی نمائندگی ڈی جی یاسر پیرزادہ اور جوائنٹ سیکرٹری امجد گل نے کی۔
اجلاس میں کلب اسکروٹنی، پی ایچ ایف الیکشن کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پی ایچ ایف حکام نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے آن لائن کلب رجسٹریشن اور دیگر انتظامی اقدامات پر کمیٹی کو جامع بریفنگ دی۔
اسٹینڈنگ کمیٹی نے پی ایچ ایف کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن باہمی تعاون سے الیکشن کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرائیں گے۔



