جامشورو(سپورٹس لنک رپورٹ )کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں شیڈول ایونٹس کی طرح ٹکسان اریزونا امریکہ میں شروع ہوئی ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر امریکہ 2020 بھی ملتوی ہوگئی ہے.مذکورہ مقابلوں میں شریک پاکستان بیس بال ٹیم ملتوی کے اعلان کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئی.ٹیم کے ہمراہ گئےپاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے واپس روانگی سے قبل میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پورے امریکہ میں بشمول نیشنل اور انٹر نیشنل کھیلوں کی تمام سرگرمیوں کو معطل کردیا گیا ہے.انکا کہنا تھا کہ پاکستان بیس بال ٹیم جو کہ ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر میں حصہ لینے کے لئے امریکہ میں موجود تھی کو بھی وطن واپس آنا پڑا. ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ فرانس، جرمنی، برازیل، جنوبی افریقہ اور نکاراگوا کی ٹیمیں بھی شرکت کررہی تھیں. پاکستان بیس بال ٹیم ایونٹ میں شرکت کے لئے وہاں پہنچنے کے بعد میجر لیگ بیس بال (MLB)کے کوچز بشمول ڈینی شیفر کی زیر نگرانی دو دن ٹریننگ سیشن بھی کئے۔ پاکستان ٹیم نے ایری زونا کی مشہور بیس بال کلب ڈائمنڈ بیکس کے مینیجر ٹوری لوولو (Torey Lovullo) اور مشہور کھلاڑی تکاہشی (Takahshi)سے بھی ملاقات کی۔ مینیجر مسٹر ٹوری نے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں سید علی شاہ، سید محمد شاہ اور ولی محمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کھلاڑیوں کو مناسب تربیت میسر ہو تو یہ کھلاڑی بیس بال میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں مذید روشن کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں نے وائٹ سوکس (White Sox) کے ٹریننگ سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات کلب کے مشہور کھلاڑی ایڈم اینجل (Adam Engel) سے ہوئی.ملتوی ہوئے ایونٹ کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا.وطن واپسی پر سید فخر علی شاہ نے اللہ کا شکر ادا کتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ پاکستان بیس بال ٹیم خیریت سے وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ ایونٹ سے قطع نظر پاکستان بیس بال ٹیم کا یہ کامیاب دورہ تھا جس میں کھلاڑیوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں اور کوچز سے ملاقات کے دوران مفید ٹپس حاصل کیں.انہوں نے پاکستان گورنمنٹ کی طرف سے کورونا وائرس سے حفاظت کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومتی کوششوں سے ملک میں کورونا وائرس کا جلد خاتمہ ہوجائے گا