قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ حسن علی پر برا وقت چل رہا ہے ہم اسے بیک کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے، حسن نے ہمیں بہت میچز جتوائے ہیں۔لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں وہ پاکستان آئے، جب بھی مہمان کھلاڑیوں سے بات ہوئی تو ان کاکہنا تھا کہ وہ یہاں کرکٹ انجوائے کررہے ہیں۔بابر اعظم نے کہاکہ میچ میں اونچ نیچ ہوجاتی ہے ، ہمارے پاس مڈل آرڈر میں اچھے کھلاڑی ہیں ہم انہیں مواقع دیں گے، ابھی ورلڈ کپ میں وقت ہے ہم کمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہوں گے۔کپتان بابر اعظم کاکہنا تھا کہ میں فیصلے خود کرتا ہوں اور کو شش کرتا ہوں کہ بہترین الیون میدان میں اتاروں
تاہم مشورے بھی سب سے کرتا ہوں اور جو اچھا ہوتا ہے اس کو کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے رنز تھوڑے کم تھے ہمیں مومنٹم برقرار رکھنا چاہیے تھا، فیلڈنگ کو بہتر کرنا ہے اور میچ میں جو مواقع ملے ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے تھا۔بابر اعظم نے کہا کہ ہم پر کوئی پریشر نہیں تھا یہ نہیں تھا کہ اوس کی وجہ سے ہم ہارے ، ہم مزید اچھی بولنگ کر سکتے تھے ، رنز ہمارے کم تھے، ہم آئندہ سیزن میں مزید اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جس طرح کا ٹوٹل چاہ رہے تھے ویسا ٹوٹل ہمیں نہیں مل سکا، میں مزید لمبا کھیلنا چاہتا تھا۔بابر کا مزید کہنا تھا کہ عثمان قادر کو موقع ملا اور اس نے فائدہ اٹھایا وہ مزید بہتر ہو گا۔قومی ٹیم کے کپتان نے بتایا کہ اب ہم فیملی کو ٹائم دیں گے، روزے چل رہے ہیں، عبادت بھی کریں گے پھر کھیل کی طرف آئیں گے۔واضح رہے کہ لاہور میں گزشتہ شب کھیلا گیا سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ آسٹریلیا نے 3 وکٹوں سے جیتا تھا۔