انگلینڈ کی ویمنز فٹبال ٹیم نے پہلی مرتبہ یورو 2022 کا فائنل جیت کر نئی تاریخ رقم کردی ہے، یہ انگلش ویمنز فٹبال ٹیم کا پہلا بین الاقوامی ٹائٹل ہے ، یورو فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں انگلینڈ کی ویمنز ٹیم نے آٹھ مرتبہ کی چیمپئن ٹیم جرمنی کو دو ایک سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا، ویمبلی سٹیڈیم میں تقریباً نوے ہزار شائقین نے یہ میچ دیکھا، دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے فائنل میچ کا آغاز جاندار رہا اور دونوں جانب سے آغاز میں برتری کی کوشش کی گئی، مگر دونوں ہی ٹیمیں پہلے ہاف میں کوئی گول سکور کرنے میں ناکام رہیں
تاہم میچ کے 62ویں منٹ میں انگلینڈ کی کھلاڑی ٹونے نے گول سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی ، میچ کے 79 ویں منٹ میں جرمن کھلاڑی مہگل نے شاندار گول سکور کرتے ہوئے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا ، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے فاضل وقت دیا گیا اور میچ کے 110ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کول کیلی نے گول سکور کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلا دی۔