فرانس میں جاری ورلڈ جونیئر ٹیم سکواش چیمپئن شپ میں ٹاپ سیڈ مصر نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم اب ایونٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ مصر کے خلاف پہلی ٹائی میں حمزہ خان کورٹ میں اترے تاہم کریم التورکی کے خلاف انہیں 8-11، 8-11 اور 5-11 سے شکست ہوئی۔
دوسرے مقابلے میں نور زمان نے محمد نصیر کو 11-3 ، 7-11، 11-3 اور 11-6 سے شکست دے کر مقابلہ برابر کرلیا۔آخری ٹائی میں اصحاب عرفان اور محمد زکریہ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں مصری کھلاڑی نے 11-6، 7-11، 13-11 اور 11-8 سے کامیابی حاصل کر کے مصر کو 1-2 سے فتح دلادی۔