بیڈمنٹن

جعلی الیکشن اور فیڈریشن پر قبضہ: اسلام آباد ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ

جعلی الیکشن اور فیڈریشن پر قبضہ: اسلام آباد ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ

  اسلام آباد:  جعلی الیکشن کر کے فیڈریشن پر قبضہ کرنے والوں کو بڑا دھچکا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو معطل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے متنازعہ انتخابات کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فیڈریشن کو معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

عدالت نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر فیڈریشن کے معاملات کا جائزہ لے اور شفاف انتخابات کے انعقاد تک عبوری انتظام کرے۔

واضح رہے کہ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے انتخابات پر کئی حلقوں کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے تھے اور الزام لگایا گیا تھا کہ جعلی طریقے سے فیڈریشن پر قبضہ کیا گیا ہے۔

عدالت کے اس فیصلے کو بیڈمنٹن کے حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اب میرٹ پر نئی باڈی سامنے آئے گی۔

پاکستانی کھیلوں میں فیڈریشنز پر قبضہ کوئی نئی بات نہیں۔ ہر چار سال بعد وہی کہانی دہرائی جاتی ہے۔ کاغذوں میں الیکشن، بند کمروں میں فیصلے، اور اصل کھلاڑی باہر۔ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کی کہانی بھی کچھ ایسی ہی تھی، لیکن اس بار اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس کھیل کو روک دیا ہے۔

پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو معطل کرنا صرف ایک انتظامی فیصلہ نہیں، یہ اس سوچ پر ضرب ہے جو سمجھتی ہے کہ فیڈریشن ذاتی جاگیر ہے۔ عدالت نے واضح پیغام دیا ہے کہ جعلی ووٹر لسٹیں، فرضی کلبز اور من پسند الیکشن کمیشن بنا کر مسلط کی گئی قیادت اب نہیں چلے گی۔

اس سارے قبضہ گروپ کی لڑائی میں اصل نقصان کھلاڑی کا ہوا۔ پاکستان کا بیڈمنٹن ٹیلنٹ موجود ہے، لیکن انٹرنیشنل ایکسپوژر نہیں۔ اولمپکس کوالیفکیشن کا راستہ بند، کوچنگ کیمپ غائب، اور فنڈز کہاں گئے، کسی کو معلوم نہیں۔ جب فیڈریشن ہی جعلی ہوگی تو کھیل کیسے ترقی کرے گا؟

اب گیند پاکستان سپورٹس بورڈ کے کورٹ میں ہے۔ پی ایس بی کو چاہیے کہ وہ فوری طور پرایک غیر جانبدار ایڈہاک کمیٹی بنائےتمام رجسٹرڈ کلبز اور ایسوسی ایشنز کی اسکروٹنی کرے

پاکستان سپورٹس بورڈ کے آئین کے مطابق شفاف الیکشن کرائےاگر پی ایس بی نے بھی پرانے فارمولے پر سمجھوتہ کر لیا تو یہ فیصلہ بھی فائل میں دب جائے گا۔

یہ فیصلہ صرف بیڈمنٹن کے لیے نہیں، ان تمام فیڈریشنز کے لیے ایک وارننگ ہے جو جعلی الیکشن کے ذریعے کھیلوں پر قابض ہیں۔ کھیل کھلاڑیوں کا ہے، کسی کی ذاتی کمپنی نہیں۔

Related Articles


Back to top button