بیڈمنٹن

بنکاک میں پیرا بیڈمنٹن کا عالمی میلہ سج گیا، پاکستان کے شیر بھی تیار

پاکستان کے ذیشان گوہر اور محمد وقاص تھائی لینڈ پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل میں ملک کی نمائندگی کریں گے

اسلام آباد ( سپورٹس لنک) پاکستان کے بین الاقوامی پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی ذیشان گوہر اور محمد وقاص تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں 24 سے 29 نومبر تک منعقد ہونے والے بی ڈبلیو ایف (BWF) تھائی لینڈ پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے، جبکہ قومی دستے کے ہمراہ کوچ علی محسن بھی شریک ہوں گے۔

بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (BWF) کے زیر اہتمام لیول ٹو کے اس عالمی ایونٹ میں دنیا بھر کے 27 ممالک کے صفِ اول کے پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جن میں عالمی نمبر ایک، نمبر دو اور نمبر تین رینکنگ کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کے ذیشان گوہر سنگلز کی SL3 کیٹیگری میں ایکشن میں نظر آئیں گے، جبکہ ڈبلز ایونٹ کی SL3 اور SU5 کیٹیگری میں ذیشان گوہر اور محمد وقاص کی جوڑی حریف کھلاڑیوں کا مقابلہ کرے گی۔

اس اہم عالمی مقابلے کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کی بھرپور تیاریوں اور پریکٹس کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ذیشان گوہر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے جان توڑ محنت کی ہے اور وہ ایونٹ میں شرکت کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے سے نہ صرف ان کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ آئندہ پیرا اولمپکس گیمز کے لیے کوالیفائی کرنے کے مواقع بھی روشن ہوں گے۔

ذیشان گوہر نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کریں تاکہ وہ اس بین الاقوامی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبز ہلالی پرچم بلند کر سکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

Related Articles


Back to top button