کرکٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان نے نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان نے نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا

کولمبو میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ فہیم اشرف کی جارحانہ اور شاندار بیٹنگ نے پاکستان کو فتح دلوائی، جبکہ گرین شرٹس کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کمپلیکس میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 114 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد مشکل صورتحال میں فہیم اشرف نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو شکست سے بچالیا۔ شاہین آفریدی 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 47، صائم ایوب 24، بابر اعظم 15، کپتان سلمان علی آغا 12، شاداب خان 8، محمد نواز اور عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ نیدرلینڈز کی جانب سے آف اسپنر آریان دت اور پال وین میکران نے 2، 2 جبکہ وینڈر مروا، لوگن وین بیک اور کائل کلین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ مائیکل لیوٹ 24، میکس او داؤد 5، کولن ایکر مین 20، باس ڈی لیڈ 30، کپتان اسکاٹ ایڈروڈز 37، لوگن وین بیک صفر، زیک لائن کیشے 9، وینڈر مروا 4، آریان دت 13 اور پال وین میکران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3، محمد نواز، صائم ایوب، اور ابرار احمد نے 2،2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے کنڈیشن بولنگ کے لیے سازگار ہے میں نے پہلی بار سری لنکا میں پچ پر اتنی گھاس دیکھی ہے۔ ہم تین فاسٹ بولرز اور آل راؤنڈرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب نیدرلینڈز کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک بڑا گیم ہے، ہم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بھارت اور سری لنکا میں کھیل رہے ہیں اور یہاں کی کنڈیشنز سے واقف ہیں۔ یہ فتح پاکستان کے لیے ٹی 20 ورلڈکپ کے آغاز میں شاندار اشارہ ہے اور ٹیم کی فارم اور اعتماد کو مضبوط کرتی ہے۔ شائقین نے فہیم اشرف اور دیگر کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو بھرپور سراہا۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون ; اس میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، عثمان خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔ نیدرلینڈز کی پلیئنگ الیون ; اس میچ میں نیدرلینڈز کی پلیئنگ الیون مائیکل لیوٹ، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، کولن ایکرمن، سکاٹ ایڈورڈز (کپتان/وکٹ کیپر)، زیک لیون کیشے، لوگن وین بیک، آریان دت، رولوف وین ڈر مروا، کائل کلین اور پال وین میکرین پر مشتمل تھی۔

Related Articles


Back to top button