پی سی بی ٹورنامنٹ مانیٹرنگ کمیٹی میں 2 نئے ارکان شامل، ڈاکٹر محمد سلیم بھی نامزد
قائداعظم ٹرافی سلور 2026-27، پی سی بی کی ٹورنامنٹ مانیٹرنگ کمیٹی میں ڈاکٹر محمد سلیم بھی شامل
کراچی سے ظفراللہ جڈگل اور ملتان سے ڈاکٹر محمد سلیم کی اضافی ارکان کی حیثیت سے نامزدگی، ٹورنامنٹ کے انتظامی، تکنیکی اور لاجسٹک امور کی نگرانی کریں گے
ڈاکٹر محمد سلیم کا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شیرون سے اظہارِ تشکر، اعتماد پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قائداعظم ٹرافی سلور سیزن 2026-27 کے لیے قائم ٹورنامنٹ مانیٹرنگ کمیٹی میں مزید 2 ارکان کو شامل کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سے ظفراللہ جڈگل اور ملتان سے ڈاکٹر محمد سلیم کو کمیٹی میں اضافی ارکان کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شیرون کی جانب سے 16 نومبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کمیٹی کی ذمہ داریوں اور دائرہ کار کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ٹورنامنٹ کے تمام وینیوز پر انتظامی سہولیات کے معیار، پچز کی صورتحال، کھانے کے انتظامات اور کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے گی۔
اس کے علاوہ ٹیموں اور آفیشلز کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش اور کیٹرنگ سمیت دیگر لاجسٹک انتظامات کی نگرانی بھی کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگی۔
کمیٹی کے دوروں کا شیڈول ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کی منظوری سے طے کیا جائے گا، جبکہ کمیٹی ٹورنامنٹ کے اختتام کے 10 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔
حتمی رپورٹ میں ٹورنامنٹ کی کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں بہتری کے لیے قابلِ عمل تجاویز کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس موقع پر کمیٹی کے نومنتخب رکن ڈاکٹر محمد سلیم نے اپنی نامزدگی پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شیرون کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد سلیم کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے اعتماد کا اظہار ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ، کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے میں بہتری کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شیرون کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات میں بہتری اور مقابلوں کے مؤثر انعقاد کے لیے ان کا کردار اہم ہے۔
ڈاکٹر محمد سلیم نے مزید کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، محنت اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے اور پی سی بی کی جانب سے کیے گئے
اعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم ٹرافی سلور 2026-27 کے کامیاب انعقاد اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کمیٹی کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔