دو ہفتے مکمل ہونے پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے اعداد و شمار


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)
بیس فروری سے شروع ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں شامل چھ ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ ملتان اور راولپنڈی میں "ہاؤس فل” کے بورڈز سجنے کے بعد اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوران کانٹے دار مقابلے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کررہی ہے۔

ایونٹ کی آغاز سے اب تک کئی منفرد ریکارڈز لیگ کی زینت بن چکے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا دوسرا ہفتہ گزرنے کے بعد مظہر ارشد کی جانب سے فراہم کردہ چند منفرد اعداد و شمار مندرجہ ذیل ہیں:

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری:

ملتان سلطانز کے مڈل آرڈر بلے باز رائیلی روسو نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوسرے ہفتے میں لیگ کی تیز ترین سنچری جڑھ کر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 43 گیندوں پر سنچری اسکور کی۔

اس سے قبل لیگ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیمرون ڈیلپورٹ کے پاس تھا۔ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف 49 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔

رائیلی روسو کی جانب سے 44 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز لیگ کی مجموعی طور پر ساتویں اور ملتان سلطانز کے کسی بھی بلے باز کی پہلی سنچری ہے۔

ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے:

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بلے باز کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے بنانے کا ریکارڈ بھی ایڈیشن 2020 میں بنایا گیا ہے۔ لاہور قلندرز کے وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک نے ایک اننگز میں 10 چھکے لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 43 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انہوں نے میچ کے دوران محض 12 گیندوں پر 8 چھکے جڑے تھے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈبیک وقت پانچ بلے بازوں کے پاس تھا۔ عمر اکمل، کیون پیٹرسن، شرجیل خان، کامران اکمل اور کولن انگرام نے ایک اننگز میں 8 چھکے داغے تھے۔

سب سے زیادہ لگاتارچھکے:

بین ڈنک نے شاندار اننگز کے دوران ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے دفاعی چیمپئن کے خلاف میچ کے 15ویں اوور میں لگاتار 4 گیندوں پر 4 چھکے لگا کر یہ منفرد ریکارڈ بنایا۔

اس سے قبل شاہد آفریدی نے ایڈیشن 2018 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور زلمی کےخلاف جبکہ کیرون پولارڈ نے ایڈیشن 2019 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے خلاف مسلسل 4 گیندوں پر 4 چھکے لگائے تھے۔

ڈنک اور پٹیل کے مابین شراکت:

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز بین ڈنک کا نام تیسری مرتبہ ریکارڈ بک کی فہرست میں اس وقت آتا ہے جب لیگ کی تاریخ کی بڑی شراکت کا ذکر کیا جاتا ہے۔ بین ڈنک نے سمت پٹیل کے ہمراہ 155 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹورنامنٹ کی تاریخ کی دوسری سب سے طویل شراکت قائم کی۔

اس فہرست میں پہلے نمبر پر کراچی کنگز کے بابراعظم اور لیام لیونگ اسٹون کا نام ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ایڈیشن 2019 میں ملتان سلطانز کے خلاف 157 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

بین ڈنک اور سمت پٹیل نے محض 47 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت قائم کرکے دوسری تیز ترین سنچری پارٹنر شپ کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

فہرست میں پہلے نمبر پر موجودکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور کیون پیٹرسن نے ایڈیشن 2017 میں لاہور قلندرز کے خلاف 44 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت قائم کر رکھی ہے۔

بین ڈنک اور سمت پٹیل کے مابین شراکت کے باعث لاہور قلندرز نے آخری دس اوورز میں 148 رنز جوڑے جو ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اور ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل گذشتہ ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف آخری دس اوورز میں 135 رنز بنائے تھے۔

لاہور کی پے درپے شکستوں کا خاتمہ:

بین ڈنک اور سمت پٹیل کے درمیان شاندار شراکت کے باعث لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل سات شکستوں کے بعد پہلی کامیابی ہے۔ گذشتہ ایڈیشن میں آخری 4 میچوں میں شکست کا سامنا کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے ایڈیشن 2020 کے ابتدائی 3 میچوں میں ناکامی کا سامنا کیا تھا۔

ا س سے قبل پے درپے مسلسل شکستوں کا ریکارڈ بھی لاہور قلندرز کے نام ہے۔ انہوں نے ایڈیشن 2017 سے 2018 تک مسلسل 8 میچوں میں شکست کا سامنا کیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور قلندرز کی حالیہ کامیابی ان کی پاکستان میں پہلی فتح ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی سب سے بڑی فتح:

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71 رنز سے شکست دے کر ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح اپنے نام کرلی ہے۔ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نےلاہور قلندرز کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا تھا۔جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

میچ میں فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ کامیابیوں کا یہ سلسلہ ایڈیشن 2018 سے جاری ہے۔

ڈائمنڈ ڈک:

کراچی کنگز کے بابراعظم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے وہ واحد اوپننگ بیٹسمین ہیں جو ڈائمنڈ ڈک کا شکار ہوئے ہیں۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئےمیچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بابراعظم بغیر کوئی گیند کھیلے رن آؤٹ ہوگئے تھے۔

یہ منفرد ریکارڈ عماد وسیم(2016)، کیون پیٹرسن (2017)، کیرون پولارڈ (2018)، شاداب خان (2018)اور علی شفیق (2019)کے پاس بھی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 50 چھکے مکمل:

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں چھکا لگا کر لیگ میں اپنے چھکوں کی نصف سنچری مکمل کی۔وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں چھکوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے تیسرے بلے باز ہیں۔

اس فہرست میں شین واٹسن (77) پہلے اور کامران اکمل (75) دوسرے نمبر پر ہیں۔

error: Content is protected !!