پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ 2 مارچ سے شروع ہوگا

ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کا آخری ٹورنامنٹ، پاکستان کپ 2 مارچ سے شروع ہوگا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کے مابین اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ سندھ اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں بھی اسی روز ملتان کرکٹ سٹیڈیم جبکہ بلوچستان اور ناردرن کی ٹیمیں ہائوس آف ناردرن میں مدمقابل آئیں گی۔31 مارچ تک جاری رہنے والا ٹورنامنٹ ملک کے تین مختلف شہروں فیصل آباد، اسلام آباد اور ملتان میں کھیلا جائے گا۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر منعقدہ ایونٹ میں کل 33 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دس گروپ میچز پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ سیمی فائنلز اور فائنل کی براہ راست کوریج سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جبکہ رنزراپ کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹر، بہترین بالر اور بہترین وکٹ کیپر کو دس دس لاکھ روپے بطور انعام دئیے جائیں گے ۔ پلیئر آف دی فائنل کو 35ہزار روپے جبکہ پلیئرز آف دی میچ کی مد میں ٹورنامنٹ میں کل آٹھ لاکھ روپے کی رقم بانٹی جائے گی۔

error: Content is protected !!