شہید بے نظیر بھٹو کرکٹ ٹورنامنٹ دیوان یونیورسٹی نے جیت لیا۔

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)ایچ کے اسپورٹس اینڈ ایونٹ آرگنائزر کی جانب سے شہید بے نظیر بھٹو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کی آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ پمسٹ، محمد علی جناح یونیورسٹی، پی اے ایف کیٹ، شہید بے نظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی، نذیر حسین یونیورسٹی، الما یونیورسٹی، ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی، گرینویچ یونیورسٹی شامل تھی۔ٹورنامنٹ کا فائنل شہید بے نظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی نے الما یونیورسٹی کو 50رنز سے شکست دے کر جیت لیا، فاتح ٹیم کے کپتان ذیشان حیدر اور علی عمر کی عمدہ کارکردگی کے باعث دیوان یونیورسٹی نے ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنالی، مین آف دی میچ فاتح ٹیم کے کپتان ذیشان حیدر قرار پائے۔

 

 

فائنل میچ کے مہمان خصوصی اسپورٹس آرگنائزر ایم نسیم اور ایاز منشی تھے، مہمان اعزاز مزدور رہنما یعقوب احمد شیخ تھے۔ مہمانان خصوصی نے فائنل میچ کی ونر ،رنر ٹرافی اوردیگر انعامات تقسیم کئے، میڈیا کوارڈینیٹر کاشف احمد فاروقی کے مطابق مہمان خصوصی اسپورٹس آرگنائزر محمّد نسیم اور ایاز منشی نے کہا کہ کھیل کے ذریعے شہر کی رونقیں بحال ہوتی ہیں، نوجوانوں کو مثبت سرگرمی ملتی ہے۔ شہر میں جرائم کے خاتمے کیلئے کھیل کو فروغ دینا ہوگا۔ نوجوان طلباءتعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل پر بھی توجہ دیں، کھیل جسمانی نشوونما کے ساتھ ذہنی نشوونما بھی کرتا ہے۔ مزدور رہنما یعقوب احمد شیخ نے کہا کہ میں ٹورنمانٹ آرگنازرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اتنا خوبصورت ٹورنامنٹ منعقد کیا، کھیل کے میدان آباد دیکھ کر خوشی ملتی ہے۔ مزدوروں کے بچوں کیلئے بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کا انعقاد ضروری ہے۔ کھیلوں کے مقابلے صحت مند ماحول فراہم کرتے ہیں۔ ایچ کے اسپورٹس اینڈ ایونٹ آرگنائزر کے حفیظ خان نے کہا کہ انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعد فٹبال ٹورنامنٹ بھی کرایا جائے گا۔ شہر کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کراچی کو اسپورٹس لوور سٹی قرار دیا جائے۔

error: Content is protected !!