نیوزی لینڈ کے سابق سٹار آل رائونڈر سکاٹ سٹائرس نے بھی بابر اعظم کو موجودہ دور کا نمبر ون بیٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیںآئوٹ کرنا بولرز کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔متحدہ عرب امارات میں کچھ روز بعد شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے گرین شرٹس بابر اعظم کی قیادت میں یو اے ای میں موجود ہے اور ٹورنامنٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ایشیا کپ میں شائقین کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ٹاکرے کا بے چینی سے انتظار ہے جو 28 اگست کو ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی صلاحیتوں کی دنیا معترف ہے اور انہوں نے گزشتہ برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی بھارت کے خلاف 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ بابر اعظم کو آئوٹ کرنے کی ٹرک بتاتے ہوئے سابق کیوی کرکٹر نے کہا کہ بابر اعظم کو آئوٹ کرنے کے لیے بولرز کو خاص گیند کرنا پڑیگی کیونکہ ذرا سی بھی غلطی گیند کو بائونڈری سے باہر لے جا سکتی ہے۔ سکاٹ سٹائرس نے کہا کہ مجھے بابر اعظم کی کمزوریوں کو جاننے کے لیے گھنٹوں ویڈیوز دیکھنا پڑیں گی۔قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر سٹائرس نے کہا کہ شاہین ایک باصلاحیت بولر ہیں، بھارت ہی نہیں تمام ٹیموں کے ٹاپ آرڈر بیٹر شاہین کے نہ کھیلنے پر خوش ہوں گے۔سابق کیوی کرکٹر نے کہا کہ شاہین آفریدی کی غیر موجودگی میں دیگر ٹیموں کے ایشیا کپ جیتنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔