قائداعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کے دوسرے دن کا کھیل آج مکمل ہو گیا۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے دن کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 114.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 417 رنز بنا لیے ہیں۔ پہلی اننگز میں بلوچستان کی ٹیم 185 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے طیب طاہر اور اظہر علی نے سنچریاں اسکور کیں۔
ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں 48 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے سدرن پنجاب کی ٹیم 92 ویں اوور میں 308 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عمر صدیق نے سب سے زیادہ 112 رنز بنائے۔ کھیل کے اختتام پر، خیبرپختونخوا نے اپنی دوسری اننگز میں 1.1 اوورز میں ایک وکٹ پر چار رنز بنا لیے ہیں ۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں، سندھ نے اپنی پہلی اننگز 279 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو 138.5 میں آٹھ وکٹ پر 457 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ سعود شکیل جنہوں نے آج 112 رنز پر اپنی بیٹنگ کا دوبارہ آغاز کیا، 319 گیندوں پر 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد 136 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر ناقابل شکست واپس لوٹے۔ ناردرن کے مبصر خان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔کھیل کے اختتام پر، ناردرن نے 41 اوورز میں دو وکٹ پر 129 رنز بنا لیے ہیں ۔ عمر امین نے ناقابل شکست 60 رنز بنائے۔