سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے کہا ہے کہ مخالف ٹیموں نے پاکستان کے بیٹرز کو ریڈ کر لیا ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت سب بیٹرز کے بارے میں مخالف ٹیموں کو علم ہو گیا ہے کہ انہیں کیسے آئوٹ کرنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سابق ڈائریکٹر مدثر نذر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فٹ ہونا بھی انتہائی ضروری قرار دے دیا۔76 ٹیسٹ اور 122 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے آل رائونڈر مدثر نذر کا مزید کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کا فٹ ہونا بہت ضروری ہے، شاہین آفریدی کے بغیر ہماری بولنگ بہت کمزور ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کو تگڑا اور فٹ ہوکر واپس آنا ہوگا، کیونکہ جب شاہین آفریدی اتنے وقفے کے بعد واپس آئیں گے تو اگر ان پر فوری بوجھ ڈالا گیا تو اس سے بھی مشکل ہو سکتی ہے اس لیے بڑی احتیاط سے کے ساتھ اس معاملے کو دیکھنا ہوگا۔
مدثر نذر کا کہنا ہے کہ موجودہ بولنگ لائن اپ سے آسٹریلیا میں توقع نہیں رکھنی چاہیے، ناتجربہ کاری کی وجہ سے ان فاسٹ بولروں کو مشکل پیش آئے گی۔ جن بولرز کو لو بائونس وکٹوں پر اتنے رنز پڑ رہے ہیں تو آسٹریلیا میں سوچیں کہ ان بولرز کے ساتھ بیٹرز کیا سلوک کریں گے۔مدثر نذر نے کہا کہ حارث رئوف انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کامیاب رہے، انہوں نے کم رنز دیئے اس کی وجہ حارث رئوف کا ان پچز سے فائدہ اٹھانا ہے لیکن آسٹریلوی پچز پر ان کے لیے رنز روکنا مشکل ہوگا۔
سابق پاکستانی کرکٹر نے مزید کہا کہ فخر زمان کو بھی فٹ ہونا ہے، ان کی ٹیم میں جگہ بنتی ہے۔ انہیں ٹاپ آرڈر میں کھیلنا ہے اس سے کمبی نیشن بہتر ہوگا ، مسئلہ وہی مڈل آرڈر کا ہے جو بالکل ایکسپوز ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابر اور رضوان سمیت تمام بیٹرز کے بارے میں مخالف ٹیموں کو علم ہوگیا ہے کہ انہیں کیسے آئوٹ کرنا ہے، اب ہمارے بیٹرز پر منحصر ہے کہ وہ کیسے اپنی کمزوریوں کو چھپاتے ہیں۔