آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے ختم کردیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے افغانستان کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے کپتان محمد نبی نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی
ابراہیم زردان نے 35 جبکہ عثمان غنی نے 32 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف نے دو دو جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان کی اننگز کے 2.2 اوورز ہوئے تھے جس میں انیس رنز بنے اور بارش شروع ہو گئی، مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کو بغیر نتیجے کے ختم کردیا گیا، ان انیس رنز میں افغانستان نے 13 فاضل رنز دیئے، بابر اعظم چھ گیندوں پر چھ سکور بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کھا چکی ہے۔