پاکستان ہاکی ٹیم ملائشیا میں کھیلے جانے والے 29ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت کے لئے کراچی سے ملائشیا روانہ ہوگئی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین پی ایچ ایف حکام، سیکرٹری سندھ ہاکی ایسوسی ایشن اکبر قائمخانی، ممبر کانگریس پی ایچ ایف گلفراز خان، چیف کوآرڈینیٹر پی ایچ ایف میجررشاہنواز، ڈاکٹر ایس اے ماجد سینیئر نائب صدر کے ایچ اے اور محسن علی خان نائب صدر کے ایچ اے کے ہمراہ پاکستان ہاکی ٹیم کی روانگی کے وقت موجود تھے۔ عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی سے خصوصی دعا کے بعد چیف سیکرٹری حکومت سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی ہدایات پر پاکستان ہاکی ٹیم بہترین سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ایرپورٹ روانہ ہوئی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو ایرپورٹ اور امیگریشن حکام کی جانب سے خصوصی پروٹوکول دیا گیا اور قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی گئیں اور صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ڈاکٹر جنید علی شاہ کی جانب سے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں قائم سٹیٹ آف دی آرٹ میجسٹک لاونچ میں قومی ہاکی ٹیم کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پرپاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر محمد سعید خان نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی پرجوش اور باصلاحیت ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں نو کھلاڑی پہلی بار انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں جس سے انکو انٹرنیشنل ہاکی میچز کا تجربہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کپتان عمر بھٹہ کی تجربہ کار قیادت میں قومی ہاکی ٹیم ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کو ایسا شاندار اور شایان شان پروٹوکول دیا گیا ہے جس سے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ پاکستان ہاکی کا ماضی شاندار روایات سے مزین ہے جس کی یاد تازہ ہوگئی۔
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ ایپوہ ، ملائشیا ایونٹ یکم تا 10 نومبر کھیلا جائیگا۔ ایونٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائشیا، پاکستان، جاپان ، کوریا، ساوتھ افریقہ اور مصر شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ یکم نومبر پاکستانی وقت کے مطابق 3 بجے دوپہر ساؤتھ افریقہ سے کھیلے گا.دوسرا میچ دو نومبر پاکستانی وقت کے مطابق پانچ بجے شام ملائشیا سے, تیسرا میچ چار نومبر پاکستانی وقت کے مطابق ایک بجے دوپہر جاپان سے, چوتھا میچ پانچ نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق ایک بجے دوپہر کوریا سے جبکہ پانچواں میچ سات نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق تین بجے دوپہر مصر کیساتھ کھیلے گا۔ ایونٹ راونڈ رابن لیگ طرز پر کھیلا جائیگا۔
کراچی سے ملائشیا روانہ ہونے والے قومی ہاکی دستہ میں مینجر سعید خان،کوچز سیگفرائیڈ ایکمین، ایاز محمود ویڈیو انالسٹ ابوذر امراؤ سمیت قومی ہاکی کھلاڑی اکمل حسین، عبداللہ اشتیاق، محمد عبداللہ، عقیل احمد، ارباز احمد، اسامہ بشیر، احتشام اسلم، مرتضیٰ یعقوب، محمد سفیان خان، محمد عمران، ارشد لیاقت، حنان شاہد، محمد عمربھٹہ، ارباز، رومان خان، رانا عبدالوحید، جنید منظور اور محمد شاہزیب خان شامل ہیں۔