دوسرے مہتاب چائولہ فلڈ لائٹس رمضان ویٹرنز ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا

دوسرے مہتاب چائولہ فلڈ لائٹس رمضان ویٹرنز ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز

کاشف چائولہ نے جگمگاتی روشنیوں میں ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا

ابتدائی روز پاکستان ویٹرنز کلب گرین اور کراچی فٹنس کلب فتحیاب

اولمپیئن کاشف جواد کی ہیٹ ٹرک، اولمپیئن سمیر حسین نے دو گول اسکور کئے

 

کراچی: دوسرے مہتاب چائولہ فلڈ لائٹس رمضان ویٹرنز ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا، مہتاب چائولہ مرحوم کے صاحبزادے کاشف چائولہ نے گیند کو ہٹ لگا کرافتتاح کیا،

ابتدائی روز اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کے برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان ویٹرنز ہاکی کلب (گرین) نے ناظم آباد مجاہد ہاکی کلب کو ایک کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دیدی انکی جانب سے اولمپیئن کاشف جواد نے ہیٹ ٹرک اسکور کی،

ٹیم کے کپتان اولمپیئن سمیر حسین نے دو، اولمپیئن قمر ابراھیم، محمد علی خان اور آل حسن نے ایک، ایک گول اسکور کیا، ناظم آباد مجاہد ہاکی کلب کی جانب سے واحد گول اسد اللہ نے بنایا. دوسرے میچ میں کراچی فٹنس کلب نے سینٹرل فٹنس کلب کو دلچسپ اور سنسنی خیز معارکے میں دو کے مقابلے میں تین گول سے مات دیدی،

فاتح ٹیم کی جانب سے مدثر، افتخار اور عمران خان نے گول اسکور کئے. شکست خوردہ ٹیم کیلئے محمد فراز اور سعید نے گول بنائے.

اس موقع پر مہمان خصوصی کاشف چائولہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنے والد مہتاب چائولہ کے قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے مشن کو جاری رکھیں گے،

اولمپیئن اصلاح الدین کیساتھ ملکر ویٹرنز ہاکی کیساتھ ساتھ جونیئر ہاکی کی پروموشن کیلئے بھی اقدامات کرینگے، انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دو سال یہ ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہوسکا تھا لیکن اب مہتاب چائولہ ہاکی ٹورنامنٹ کا ہر سال باقاعدگی سے انعقاد ہوگا.

مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ کے شاندار انتظامات پر اولمپیئن اصلاح الدین کی کوششوں کو سراہا

اولمپیئن اصلاح الدین نے کہا کہ مہتاب چائولہ مرحوم ہاکی کے کھیل سے خاص لگائو رکھتے تھے وہ چاہتے تھے کہ ہاکی پھر سے اپنا اصل مقام حاصل کرے اللہ انکی مغفرت فرمائے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹرنز کلب کی ٹیم عمان میں ہاکی سیریز جیت کر آئی اور اب رواں سال جنوبی افریقہ میں ہونیوالے ماسٹرز عالمی کپ میں بھی شرکت کریگی،

اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائیگا. اس موقع پر مہتاب چائولہ مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی، مہمان خصوصی کو اولمپیئن اصلاح الدین کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی

افتتاحی تقریب میں اسپیشل بچوں نے بھی شرکت کی انہیں ہاکی اولمپیئنز نے ہاکی میں مہارت حاصل کرنے کے گر بھی سکھائے تقریب میں سابق ہاکی اولمپیئنز ایاز محمود سمیت، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر محفوظ الحق، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد،

سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اظہر صمدانی، کراچی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عظمت پاشا، پاکستان روپ اسکیپنگ فیڈریشن کے سیکریٹری شارق علی اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ بڑی تعداد میں شائقین ہاکی بھی میچز سے محظوظ ہوتے رہے.

 

error: Content is protected !!