پاکستان کی ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے خلاف 81 رنز کی جیت سے فاتحانہ آغاز

 

 

 

پاکستان کی ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے خلاف 81 رنز کی جیت سے فاتحانہ آغاز

……..اصغر علی مبارک….

ورلڈ کپ 2023ء کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو81 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز فتح کے ساتھ کیا۔ پاکستان نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 41 اوورز میں 205 رنز پر آؤٹ کرکے اپنے 286 رنز کا بھرپور دفاع کیا۔

نیدر لینڈز کی ٹیم 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 205 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں قومی ٹیم نے پہلے میچ میں 81 رنز سے فتح اپنے نام کرلی۔ بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے سعود شکیل اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں، شاداب خان اور محمد نواز کی ذمے دارانہ شراکت کی بدولت 49 اوورز میں 287 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز نے بیٹنگ شروع کی تو اس کی پہلی وکٹ میکس او ڈاؤڈ کی گری، جو صرف 5 رنز بناکر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے۔ پاکستان کو دوسری کامیابی 50 کے اسکور پر ملی،

افتخار احمد نے کولن ایکرمن کو 17 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔ اس کے بعد نیدرلینڈز کے اوپنر وکرم جیت سنگھ نے آج کے میچ میں 4 وکٹ لینے والے بیس ڈی لیڈز کے ساتھ مل کر 70 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور 120 رنز تک پہنچا دیا۔

 

اس دوران وکرم جیت سنگھ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی انہیں شاداب خان نے پویلین کی راہ دکھائی، نیدرلینڈز کے اوپنر نے 52 رنز کے اننگز کے دوران 1 چھکا اور 4 چوکے لگائے۔ حارث رؤف نے ایک ہی اوور میں پہلے تیجا ندامانورو کو 5 رنز پر جبکہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کو صفر پر میدان بدر کیا اور میچ پر گرین شرٹس کی گرفت مضبوط کردی۔

نیدرلینڈز کی چھٹی وکٹ 158 کے اسکور پر گری، ثاقب ذوالفقار 10 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔ پاکستان کو میچ میں ساتویں اور اہم کامیابی ڈی لیڈز کی وکٹ کی صورت میں ملی، وہ 164 کے مجموعی اسکور پر 68 گیندوں پر 67 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بن گئے، انہوں نے اننگز کے دوران 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

نیدرلینڈز کی آٹھویں وکٹ 176 کے اسکور پر ملی۔ اس سے قبل پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کی شروعات کی، آؤٹ آف فارم فخر زمان نے 15 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے

اور پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری، جو 34 کے مجموعے پر صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، صرف 4 رنز بعد ہی دوسرے اوپنر امام الحق 15 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

 

 

ایسے وقت میں پاکستان کی ابتدائی3 وکٹیں صرف 38 پر گر جانے کے بعد میچ پر نیدرلینڈز کی گرفت مضبوط ہوگئی، ایسے میں محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے نیدرلینڈز کی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 114 گیندوں پر 120 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ میں پاکستان کو مستحکم پوزیشن پر لے آئے۔

29 ویں اوور کی پہلی گیند پر سعود شکیل 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 9 چوکے شامل تھے، یوں پاکستان کی چوتھی وکٹ 158 کے اسکور پر گری۔

پاکستان کی 5ویں وکٹ 182 کے اسکور پر گری، اس بار محمد رضوان 68 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، انہوں نے اننگز کے دوران 8 چوکے لگائے، اسی اوور میں افتخار احمد 9 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، اس طرح قومی ٹیم کے 6 بیٹر صرف 188 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ساتویں وکٹ پر محمد نواز اور شاداب خان نے مجموعی اسکور میں 64 رنز کا اضافہ کیا،

شاداب خان اس موقع پر 32 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، اسی اوور کی اگلی گیند پر حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے میدان چھوڑ گئے۔ پاکستان کی 9 ویں وکٹ 267 کے اسکور پر گری، محمد نواز 39 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے

جبکہ 10ویں آؤٹ ہونے والے بیٹر حارث رؤف تھے جو 16 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے یوں پوری ٹیم 286 رنز پر سمٹ گئی۔ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈز نے 4، کولن ایکرمن نے 2، وین بیک، پال وین می کرین اور آرین دت نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان نے میچ کے دوران نیدر لینڈز کے بولرز کی 294 گیندوں کا سامنا کیا، جن میں 143 گیندوں پرپاکستان کے بیٹرز کوئی رنز بناسکے۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔

 

نیدرلینڈز کی طرف سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمن، باس ڈی لیڈز، تیجا ندامانورو، ثاقب ذوالفقار، لوگن وین بیک، آرین دت اور پال وین میکرین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی

پاکستان کو ورلڈ کپ مہم کے آغازپر نیدرلینڈز کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پوری ٹیم 49 اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میچ میں نیدرلینڈز کے باؤلرز نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی ٹیم ابتدا میں مشکلات کا شکار نظر آئی

 

 

 

error: Content is protected !!