پریذیڈنٹ ٹرافی: ایس این جی پی ایل، غنی گلاس اور کے آر ایل کی کامیابی

 

پریذیڈنٹ ٹرافی: ایس این جی پی ایل، غنی گلاس اور کے آر ایل کی کامیابی

غنی گلاس کے شرجیل خان کی سنچری

کراچی 01 جنوری، 2023:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے میچوں میں ایس این جی پی ایل نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ غنی گلاس نے پی ٹی وی کے خلاف 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ کے آر ایل نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 120 رنز سے ہرادیا۔
آج کے کھیل کی خاص بات شرجیل خان کی سنچری تھی۔

اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کو اسٹیٹ بینک کے خلاف جیتنے کے لیے 123 رنز کا ہدف ملا تھا۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے دو وکٹوں پر 15 رنز بنائے تھے۔ آج اس نے مزید دو وکٹیں گنوانے کے بعد ہدف حاصل کرلیا۔ اسد شفیق چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 اور اظہرعلی 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ایس این جی پی ایل نے اس ٹورنامنٹ میں یہ دوسرا میچ جیتا ہے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں غنی گلاس کو پی ٹی وی کے خلاف کامیابی کے لیے 219 رنز کا ہدف ملا تھا۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 124 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ آج اس نے مزید دو وکٹیں گرنے کے بعد سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ یہ غنی گلاس کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ہے۔

شرجیل خان نے جو پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیرہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 109 رنز اسکور کیے۔ ۔یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 14ویں سنچری ہے۔ طیب طاہر نے50 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو کے آر ایل کے خلاف جیت کے لیے 434 رنز کا ہدف ملا تھا۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اس کا اسکور ایک وکٹ پر 117 رنز تھا۔ آج کے آر ایل کے بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں ہائر ایجوکیشن کی ٹیم 313 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی یوں کے آر ایل نے 120 رنز سے یہ میچ جیت لیا۔

سعد خان نے گیارہ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔ محمد حریرہ نے دس چوکوں کی مدد سے 67 رنز اسکور کیے۔
روحان قادری نے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ارشداللہ، شرون سراج اور سراج الدین نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
یہ کے آر ایل کی اس ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی ہے۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کا چوتھا راؤنڈ 3 جنوری سے شروع ہوگا۔
غنی گلاس کا مقابلہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور واپڈا کی ٹیمیں اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگی جبکہ ایس این جی پی ایل اور کے آر ایل کے درمیان میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 

 

error: Content is protected !!