پریذیڈنٹ ٹرافی: طیب طاہر کی سنچری، نثار احمد کی پانچ وکٹیں

پریذیڈنٹ ٹرافی: طیب طاہر کی سنچری، نثار احمد کی پانچ وکٹیں

کراچی 3 جنوری، 2024:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن کی خاص بات غنی گلاس کے طیب طاہر کی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خلاف سنچری اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نثار احمد کی واپڈا کے خلاف پانچ وکٹیں تھیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کے آر ایل نے ایس این جی پی ایل کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 80 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر281 رنز بنائے۔ عمران رفیق نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے۔ سرمد بھٹی نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے۔
لیگ اسپنر عارف یعقوب نے 83 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ایس این جی پی ایل نے کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 22 رنز بنائے تھے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس نے ہائر ایجوکیشن کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ طیب طاہر نے 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے103 رنز اسکور کیے۔شہباز جاوید نے 71 رنز اسکور کیے جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
وہاج ریاض نے 39 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ہائر ایجوکیشن نے کھیل ختم ہونے پر 140 رنز بنائے تھے اور اس کی 6 وکٹیں گری تھیں۔ شعیب اختر نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک نے ٹاس جیت کر واپڈا کو بیٹنگ دی جو اپنی پہلی اننگز میں 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمرعابد کیانی 32 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
نثار احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 30 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک نے کھیل کے اختتام پر77 رنز بنائے تھے اور اس کی 4 وکٹیں گری تھیں۔ عاکف جاوید 25 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے

 

 

 

error: Content is protected !!